الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم سمیت 5 وزرا پر جرمانہ عائد کردیا

اسلام آبا(اے ایف بی )الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیر اعظم سمیت 5 دیگر وزرا پر الیکشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی جلسے سے خطاب کرنے پر 50،50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون شنواری کا کہنا ہے کہ 16 مارچ کو الیکشن کمیشن کے انتباہ کے باوجود وادی سوات میں عوامی جلسے سے خطاب کرنے پر سوات کے ضلعی مانیٹرنگ افسر نے وزیر اعظم عمران خان سمیت وفاقی و صوبائی وزرا پر جرمانہ عائد کیا ہے۔وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید اور صوبائی وزرا ڈاکٹر امجد علی محب اللہ پر بھی جرمانہ کیا گیا ہے۔وزیر اعظم کی جانب سے الیکشن کمیشن کے منع کرنے باوجود بھی ریلی نکالی گئی تھی۔حکومت کی جانب سے سرکاری عہدیداران اور منتخب نمائندوں پر سے پابندی ہٹاتے ہوئے گزشتہ ماہ جاری کردہ متنازعہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ 2017 کے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے انہیں انتخابی مہم چلانے اورحلقوں کا دورہ کی اجازت دی گئی تھی۔قبل ازیں، حکومت الیکشن کمیشن کے نوٹس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر چکی ہے۔دریں اثنا، مانسہرہ کے مانیٹرنگ افسر کی جانب سےوزیر اعظم کو نوٹس جاری کیا گیا جس میں 25 مارچ کو مانسہرہ جلسے سے خطاب کرنے سے منع کیا گیا ہے۔،

اپنا تبصرہ بھیجیں