وزیراعظم سردار تنویرالیاس کا کشمیر جرنلسٹس فورم کیلئے تاریخی پیکج

تحریر: انجینئر اصغرحیات ۔۔۔

کشمیر جرنلسٹس فورم راولپنڈی اسلام آباد میں کام کرنے والے کشمیری صحافیوں کی تنظیم ہے جس میں ریاست کی تینوں اکائیوں آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور گلگت بلتستان کی نمائندگی موجود ہے، اس تنظیم کی بنیاد 1999 میں رکھی گئی تھی، مشتاق مہناس، عامرمحبوب، سردار زاہد تبسم، راجہ کفیل، راجہ بشیر عثمانی، اعجاز عباسی، بشارت محبوب، شوک ملک، عزیر ملک اوردیگر سینئر صحافیوں کا شمار اس تنظیم کے بانیان میں ہوتا ہے، یہ وہ وقت تھا کہ جب قومی میڈیا کشمیر کی خبروں کو اس قدر اہمیت نہیں دیتا تھا، اس تنظیم کو بنانے کا پہلا مقصد ہی مسئلہ کشمیر کو ابلاغی محاذ پر اجاگر کرنا تھا، اس تنظیم کے دیگر مقاصد میں اسلام آباد راولپنڈی میں مقیم کشمیری صحافیوں کے رہائش کے مسائل حل کرنا اور انہیں چھت فراہم کرنا اور کشمیری صحافیوں کی آپس میں رابطہ کاری کو موثر بنانا تھا، تنظیم کے قیام کا ایک مقصد ریاست کے صحافیوں کی خوشی غمی کے موقع پر ان کی مدد کرنا تھا،
اس وقت کشمیر جرنلسٹس فورم کے ممبران کی تعداد 350 ہے۔ تنظیم کے عہدیدار دو سال کی معیاد کیلئے منتخب ہوتے ہیں، شوکت ملک اس تنظیم کے پہلے منتخب صدر تھے، دوسری بار صدرات کا تاج راجہ بشیر عثمانی کے سر سجا، اس کے بعد عابد خورشید، اعجاز عباسی، زائد عباسی کے ہاتھوں میں بھی اس تنظیم کی بھاگ دوڑ رہی، 2003 یا 2004 میں یہ تنظیم کچھ تقسیم ہوئی اور کچھ عرصہ کیلئے غیر فعال رہی لیکن تنظیم کے بانیان نے ایک بار پھر کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف تنظیم کو متحد کیا بلکہ ایک بار پھر فعال بھی کیا
کشمیر جرنلسٹس فورم کے 25 ستمبر 2022 میں ہونیوالے انتخابات میں دو پینلز نے حصہ لیا، ان انتخابات میں “پروفیشنل پینل” اور یونائیٹڈ “یونائیٹڈ جرنلسٹس” پینل کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، خاور نواز راجہ کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر اور عقیل انجم سیکرٹری جنرل اور اعجاز خان سیکرٹری مالیات منتخب ہوئے، دیگر عہدیداروں میں راجہ ماجد افسر سینئر نائب صدر، ظہیرمغل نائب صدر، عدیل بشیر چیف آرگنائزر، عابد ہاشمی جوائنٹ سیکرٹری، محمد اقبال اعوان سیکرٹری اطلاعات اور طلحہ جاوید ڈپٹی آرگنائزر منتخب ہوئے، راجہ خالد، غلام نبی کشمیری، سردار نثار تبسم، راجہ عثمان طاہر، اسحاق ہاشمی، عامر اقبال ہاشمی اور ندیم اقبال 2023-24 کیلئے تنظیم کے ممبران گورننگ باڈی منتخب ہوئے
کشمیر جرنلسٹس فورم سال 2023-24 کی تقریب حلف برداری کئی حوالوں سے تاریخی رہی، حلف برداری سے ایک روز قبل سینئر صحافی دلپزیر عباسی صاحب نے اچانک انتقال کی خبر نے ماحول افسردہ کردیا، سردار ذاہد تبسم حال ہی میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائز مقرر ہوئے ہیں، ذاہد تبسم صاحب کشمیری اخبارات کی نمائندہ تنظیم اے کے این ایس کے بھی سابق صدر ہیں، عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد انہوں نے کشمیر جرنلسٹس فورم اور اے کے این ایس کی تقریب حلف برداری ایک ہی روز کشمیر ہاوس میں رکھی، لیکن دلپزیر عباسی صاحب کی وفات اور نماز جنازہ کے باعث اے کے این ایس کی تقریب ملتوی کرنا پڑی، فورم کی تقریب حلف برداری کے جے ایف کے الیکشن کے بعد دوسرا بڑا میلہ تھا، تقریب میں کے جے ایف کے نو منتخب اور پرانے عہدیداروں، کشمیر جرنلسٹس فورم کے درجنوں ممبران کے علاوہ جڑواں شہریوں کے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب میں نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا، سیکرٹری راجہ خلیل، جوائنٹ سیکرٹری شکیلہ جلیل، آر آئی یو جے کے صدر عابد عباسی کے علاوہ نیشنل پریس کلب، آر آئی یوجے، راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن، ینگ جرنلسٹس اور ویڈیو جرنسلٹس کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی، ایسی تقاریب بلا شبہ صحافیوں کو مل بیٹھنے اور میل ملاقات کا موقع فراہم کرتی ہیں، وزیراعظم سردار تنویرالیاس نے مظفرآباد سے براہ راست حلف برداری کی تقریب میں پہنچنا تھا، وزیراعظم کو پہنچنے میں کچھ دیر ہوئی لیکن کشمیر ہاوس کے ملٹی پریز حال میں صحافی ماحول گرماتے رہے، میل جول، گپ شپ اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری رہا

وزیراعظم سردار تنویر الیاس حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تو میزبان محفل سردار زاہد تبسم، کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر خاور نواز راجہ، سیکرٹری جنرل عقیل انجم اور دیگر عہدیداروں نے خوش آمدید کہا، تقریب سے خطاب کے دوران سابق صدر کے جے ایف زاہد عباسی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے وزیراعظم کے اقدامات کا ذکر کیا جنہیں آزاد کشمیر بھر میں پذیرائی مل رہی ہے، ان اقدامات میں 31 سال کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اور 26 سو سے زائد ایڈہاک ملازمین کی مستقلی اور ایڈہاک ملازمین کے حوالے سے مستقل پالیسی کی تیاری سمیت کئی اہم اقدامات ہیں، زائد عباسی نے وزیراعظم کو ایک غیرروایتی سیاستدان قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ابلاغی محاذ پر سرگرم کشمیری صحافیوں کی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کریں گے، سیکرٹری جنرل کے جے ایف عقیل انجم نے وزیراعظم کو تنظیم کی ورکنگ کے حوالے سے بتایا، عقیل انجم نے بتایا کہ کشمیر جرنلسٹس فورم صحافیوں کی واحد تنظیم ہے جو خوشی اور غمی کے موقع پر ممبران کی مالی امداد کرتی ہے اور اس سلسلے میں وکٹم اینڈ ویلفئر فنڈؑ قائم ہے جس سے کے جے ایف کے درجنوں ممبران کی مالی مدد کی جاچکی ہے

نومنتخب صدر کشمیر جرنلسٹس فورم خاور نواز راجہ نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی توجہ راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم کشمیری صحافیوں کے مسائل کی جانب مبذول کروائی، خاور نواز راجہ نے اپنے پاس نامے میں کشمیر جرنلسٹس فورم کے ممبران کیلئے ویکٹم اینڈ ویلفئرفنڈ کی رقم بڑھانے اور ممبران کی ہیلتھ انشورنس کا مطالبہ کیا، انہوں نے پریس فاونڈیشن ہاوسنگ اسکیم میں راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں کیلئے اسلام آباد راولپنڈی میں پلاٹس فراہم کرنے اور مہاجرین کالونیوں میں صحافیوں کیلئے کوٹہ مختص کرنے کا بھی مطالبہ کیا، خاور نواز راجہ نے پاس نامے میں کشمیر جرنسلٹس فورم کو رئیس الاحرار مزار پر تعمیر ہونیوالے کمپلیکس میں دفتر الاٹ کرنے اور حال ہی میں وفات پانے والے کے جے ایف کے تین ممبران کی فیملیوں کیلئے امداد کا بھی مطالبہ کیا

حلف برداری کی مختصر لیکن پروقار تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیرسردار تنویرالیاس کا مفصل خطاب حاضرین کے بھرپور توجہ سے سنا اور خطاب کے دوران متعدد مواقعوں پرحاضرین داد دیئے بغیر نہ رہ سکے، وزیراعظم سردار تنویرالیاس نے جہاں صحافیوں کیلئے تاریخی پیکج کا اعلان کیا وہیں مختصر عرصے میں اپنی حکومت کی کامیابیوں اور اصلاحات کا بھی ذکر کیا، وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ان کا صحافت کیساتھ تعلق ہے اور وہ کئی مواقعوں پر ایک صحافی کے طور پر اپنا تعارف کرواتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور بلدیاتی ادارے ریاست کے رہنے والوں کا حق تھے لیکن ماضی کے حکمرانوں نے 31 سال تک ریاست کے باشندوں کو اس حق سے محروم رکھا، انہوں نے بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا تو لوگوں نے اسے مذاق سمبھجا، لیکن انہوں نے انتخابات کروائے اور اب وہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بھی بنائیں گے، وزیراعظم نے بتایا کہ ان کی حکومت نے جہیز فنڈ کو 11 ہزار روپے فی کس سے بڑھا کر 60 ہزار روپے کردیا، موجودہ حکومت نے مہاجرین کے فنڈ میں یکمشت 1500 فی کس کا اضافہ کیا، گزشتہ کئی سالوں سے یہ فنڈ 2200 فی کس چل رہا تھا، انہوں نے ڈرائی پورٹ کا 32 سال سے زیرالتوا منصوبہ شروع کروایا، موجودہ دور میں آزاد کشمیر کی پہلی پرائیویٹ سیکٹر ایئرلائن کو لائسنس جاری کردیا گیا، انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت نے آزاد کشمیر میں معلمین قرآن کیلئے گریڈ 7 کا اجرا کیا، اس سے قبل معلمین قرآن کیلئے آزاد کشمیر میں گریڈ 1 تھا، یہ گریڈ پنجاب میں چپراسیوں اور نائب قاصدوں کا بھی نہیں، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بڑے شہروں میں ٹریفک اور تعمیرات کے مسائل کے حل کیلئے پہلی بار سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں

وزیراعظم سردار تنویرالیاس نے بتایا کہ وہ بطور خود ایک صحافی ہونے کے ناطے سے صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے کبھی کسی صحافی کو تنقید سے نہیں روکا ، ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، موجودہ حکومت تنقید براہ اصلاح کو خوش آمدید کہتی ہے لیکن خبر صرف ہوا میں نہ ہو اس میں خبریت بھی موجود ہونی چاہیے، وزیراعظم سردار تنویرالیاس نے کشمیر جرنلسٹس فورم کیلئے 50 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم کشمیریوں کیلئے چھت کی فراہمی یقینی بنائے گی، صحافیوں کیلئے ہاوسنگ اسکیم شروع کی جائے گی، انہوں نے کشمیر جرنلسٹس فورم کے ممبران کیلئے 10 عمرے کے ٹکٹوں کا اعلان کیا، وزیراعظم سردار تنویرالیاس نے سینئر صحافی دلپزیر عباسی کے اہلیخانہ کیلئے 10 لاکھ کی امداد کا اعلان کیا، سردار تنویر الیاس نے کشمیر جرنلسٹس فورم کے وفات پانے والے تین ممبران کیلئے 3، 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا، حلف برداری کی تقریب رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب اختتام کو پہنچی لیکن تقریب میں شریک ہر صحافی خوش تھا، پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں جڑواں شہروں کے صحافیوں نے اس تقریب میں نہ صرف شرکت کی بلکہ رات دیر تک کشمیر جرنلسٹس فورم کے ممبران سمیت تمام تنظیموں کے عہدیداروں نے بھرپور نمائندگی دکھائی، تمام صحافیوں نے وزیراعظم سردار تنویرالیاس کے خطاب کو تاریخی قرار دیا، صحافیوں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سردار تنویرالیاس نے ان کیلئے تاریخی پیکج کا اعلان کیا ہے، اس پیکج پر عملدرآمد سے صحافیوں کے اہم مسائل حل ہونگے اور وہ ابلاغی محاذ پر زیادہ موثر انداز میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں