نجی سکولزمالکان نے سکولوں کی رجسٹریشن کرنے والے اے ای اوکوہٹانے کا مطالبہ کردیا

راولپنڈی (اے ایف بی )نجی سکولوں کے مالکان نے سکولوں کی رجسٹریشن میں تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیرایجوکیشن سے مطالبہ کیاہے کہ نجی سکولوں کی رجسٹریشن پر مامور اے ای او کو اس کے عہدے سے ہٹایا جائے اس آسامی پر کلیئریکل سٹاف سے اہلکار تعینات کیاجائے یہ ٹکینکل آسامی ہے ، چار ماہ گزر گئے سکولوں کی رجسٹریشن التواء کا شکار ہے ، نجی سکولوں کے مالکان کےلیے رجسٹریشن میں جو قواعد و ضوابط بنائے گئے ہیں وہ ایک فرد واحد کے بنائے گئے ہیں ، آن لائن رجسٹریشن کے لیے آسانی کے بجائے متعلقہ اہلکار نےمشکلات پیداکررکھی ہیں ، ان خیالات کااظہار نجی سکولز مالکان راجہ وسیم سیفی ، کنسلٹنٹ ایجوکیشن محمود اعجاز بٹ ، تسلیم اکرم ، عابد حسین ، محبوب لون ،اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاکہ نجی سکولوں کی رجسٹریشن کے لئے پہلے 17 قواعد و ضوابط تھے جو کہ اب 25 پر پہنچ چکے ہیں ، یہ قواعد و ضوابط ایک فرد واحد نے بنائے ہیں جن کی کوئی قانونی اور آئینی حیثیت نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم راولپنڈی کے اسکولوں کی رجسٹریشن کے انچارج نے قواعد و ضوابط میں ایسی شق بھی ڈالی ہے جس کے تحت نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں بنانے جانے والے سکول وہاں سے این اوسی لیں جس کی فیس 30 ہزارروپے مقررکی گئی ہے ، کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں کوئی بھی اسکول رجسٹر نہیں کیا جا رہا ،جبکہ دیہی علاقوں میں جہاں نقشہ جات نہیں ہیں وہاں یہ پانچ ہزار روپے لیتے ہیں اور انہیں منظوری دیتے ہیں ، راولپنڈی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی نے اسکولوں کی رجسٹریشن التواء میں رکھی ہے ہمارامطالبہ ہے کہ سکولوں کی رجسٹریشن جلدازجلد مکمل کی جائے اور متعلقہ افسر کو۔اس پوسٹ سے ہٹایا جائے ،

اپنا تبصرہ بھیجیں