کنٹرولرامتحانات کافرائض میں غفلت برتتے پرنگران امتحانات ڈیوٹی سے برخاست

لاہور(اے ایف بی)چیئرمین لاہور بورڈ محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر کنٹرولر امتحانات محمد زاہد میاں نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور فرائض میں غفلت برتتے ہوئے نگران امتحانات کو امتحانی ڈیوٹی سے برخاست کر دیا- ترجمان کے مطابق کنٹرولر امتحانات نے جلو موڑ اور جی ٹی روڈ مناواں کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا،دوران انسپکشن جلو موڑ ہائیرسیکنڈری سکول کے امتحانی مرکز میں نگران نواب نبی اپنے فرائض میں غفلت برتتے ہوئے پکڑا گیا، جس پر کنٹرولر امتحانات نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اس کو امتحانی ڈیوٹی سے برخاست کر دیا اور اس کے خلاف کاروائی کے لیے احکامات جاری کر دیئے۔ دریں اثناء کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ کی ہدایت پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مریدکے نے پنجاب کالج آف کامرس مریدکے میں قائم امتحانی مرکز پر چھاپہ مارا جہاں پر سنٹر سپرنٹنڈنٹ شہزاد احمد ایس ایس ٹی گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ساہوکی ملیاں نے ایک پرائیویٹ نگران محمد یوسف کو ڈیوٹی پر معمور کیا ہوا تھا۔ جس پر دونوں کو امتحانی ڈیوٹی سے برخاست کر کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کی سفارش کر دی گئی۔کنٹرولر امتحانات نے تمام موبائل انسپکٹر،اکامتی انسپکٹر،ڈسٹری بیوٹرز انسپکٹرز اور سپیشل سکواڈ کوہدایت کی ہے کہ امتحانی مراکز کی صبح اور شام کے سیشن میں بھرپور نگرانی کو جاری رکھیں اور اپنی رپورٹ شام کے سیشن کے فورا بعد کنٹرولر آفس کو جمع کروائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (جماعت نہم) پہلا سالانہ 2024 کے سلسلہ میں پرچہ اْردو لازمی لاہور بورڈ کی حدود میں واقع تمام امتحانی مراکز پر کڑی نگرانی میں منعقد ہوا -پرچہ اْردو 855 امتحانی مراکز پر 292712 اْمیدواران نے پْرسکون ماحول میں دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں