پنجاب میں سموگ بڑھ گئی، نئی ٹائمنگ پر عمل نہ کرنیوالے تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی کی وارننگ

لاہور (اے ایف بی) صوبہ پنجاب میں سموگ بڑھنے کے بعد نئی ٹائمنگ پر عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی وارننگ دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سموگ کی ابتر صورتحال کے باعث تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے اوقات میں تبدیلی کردی گئی ہے، جس کے تحت تمام تعلیمی ادارے 3 نومبر 2025ء بروز پیر سے صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے، اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی جانب سے سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ کوئی ادارہ صبح پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلے گا، اوقات کار کے حوالے سے فیصلہ 3 نومبر 2025ء سے 31 جنوری 2026ء تک مؤثر رہے گا، خلاف ورزی کرنے والے سکولوں پر 1 سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے سکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صبح 8 بج کر 45 منٹ سے قبل سکول کھولنے کی اجازت نہیں ہو گی، صوبے میں بڑھتی ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، نئی ٹائمنگز کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اس کی خلاف ورزی پر متعلقہ سکول انتظامیہ کو پانچ سے دس لاکھ روپے تک جرمانہ ہو گا، سکول ٹائمنگ کی خلاف ورزی یا شکایت کی اطلاع ای پی اے ہیلپ لائن 1373 یا گرین پنجاب ایپ کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں