سڈنی بیچ فائرنگ؛ زخمی حملہ آور نوید اکرم پر فرد جرم عائد

سڈنی ( اے ایف بی) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈائی بیچ پر حملے میں ملوث گرفتار حملہ آور نوید اکرم پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ بونڈائی بیچ پر فائرنگ کے زخمی حملہ آور پر دہشتگردی سمیت 50 الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، حملے میں زخمی ہونے کے بعد کوما میں جانے والے دوسرے حملہ آور نوید اکرم کو ہوش میں آنے کے بعد فرد جرم عائد کی گئی، جس کے بعد اب تفتیش میں مزید اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔واقعے سے متعلق ایک خاتون عینی شاہد نے بتایا ہے کہ جب اس نے حملہ آور کو دیکھا تو وہ گاڑی سے نکل رہا تھا اور ایسا لگا جیسے وہ ٹھوکر کھا کر گرا اور بیساکھیاں اٹھا رہا ہے لیکن دوسرے ہی لمحے اس نے بڑی بندوق نکال لی اور فائرنگ شروع کردی، اس نے چیخ کر لوگوں کو بھاگنے کا کہا لیکن کسی نے اس کی بات کا یقین نہ کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور باپ بیٹے نے ماں کو بھی سارے منصوبے سے لاعلم رکھا، کارروائی سے پہلے گھر سے 20 کلومیٹر دور جگہ کرائے پر لی اور ماں کو فشنگ ٹرپ پر جانے کا بتایا، حملہ آوروں نے بونڈائی بیچ تک جانے کے لیے اپنی گاڑی استعمال کی، یہ گاڑی جون میں حملہ آوروں کے گھر کے سامنے دیکھی گئی، بونڈائی بیچ پہنچ کر باپ اور بیٹے نے حملے کے لیے فوٹ بریج کا انتخاب کیا اور کارروائی کا آغاز کردیا۔ادھر حملہ آور ساجد اکرم کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ ’وہ اس خبر سے چونک گئے اور کئی سالوں سے ان کے ساتھ رابطے میں نہیں تھے‘، حیدرآباد میں رہنے والے ساجد اکرم کے بھائی نے بتایا کہ ’ساجد 25 سال سے زائد عرصہ قبل حیدرآباد چھوڑ کر آسٹریلیا چلا گیا جہاں بعد میں ایک عیسائی خاتون سے شادی کی جس کے بعد خاندان نے اس سے تعلقات منقطع کرلیے تھے‘

، ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا کہ بھارتی حکام نے حملہ آور کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تفصیلات اکٹھی کی ہیں، جہاں ساجد اکرم کے بھائی نے بتایا کہ ان کی والدہ جو ایک عمر رسیدہ خاتون ہیں اور ان کی طبیعت ناساز رہتی ہے لیکن ساجد نے ان کے بارے میں بھی کبھی دریافت تک نہیں کیا۔حکومت کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ’ساجد کے والد نے کئی سال قبل سعودی عرب سے واپس آنے کے بعد حیدرآباد میں ایک اپارٹمنٹ خریدا، اسی دوران ساجد 1998ء میں سٹوڈنٹ ویزہ پر آسٹریلیا چلا گیا، بھارتی ایجنسیوں کو ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ساجد چند سال قبل حیدرآباد آیا تھا اور دونوں بھائیوں کے درمیان جائیداد پر جھگڑا تھا، حیدرآباد میں ساجد کے خاندان کے دیگر افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی‘۔بتایا جارہا ہے کہ سڈنی بیچ پر حملہ آوروں کے بھارتی ہونے کی تصدیق اس وقت ہوئی جب ان کے انڈین پاسپورٹ پر سفر کے شواہد ملے، اس حوالے سے فلپائنی حکام نے تصدیق کی کہ سڈنی میں بیچ کے حملہ آوروں میں سے ساجد اکرم نے انڈین اور بیٹے نے آسٹریلوی پاسپورٹ پر منیلا کا سفر کیا، فلپائن امیگریشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’50 سالہ ساجد اکرم اور 24 سالہ نوید اکرم یکم نومبر 2025ء کو سڈنی سے فلپائن پہنچے، فلپائن میں دونوں نے داواؤ شہر میں قیام کیا اور باپ بیٹا 28 نومبر 2025ء کو منیلا سے سڈنی واپس روانہ ہوئے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں