پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

لاہور(اے ایف بی) پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن اراکین سے فوراً مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ترجمان تحریک انصاف نے بیان میں کہا کہ دھاندلی کا لبادہ پہنا کر پی ڈی ایم ٹو کو دوبارہ عوام کے سروں مسلط کیا جا رہا ہے، تین روز پہلے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے نااہل مجرموں کے اس ٹولے کو ہی اپنے ووٹ کے ذریعے مسترد کیا جس نے 16 ماہ کے دوران عوام کو معاشی و انتظامی تباہی اور بدترین مہنگائی کی دلدل میں پھینکا۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عزّتِ نفس اور دستور و قانون کے احترام سے یکسر بے نیاز چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن جمہوریت پر کھلے ڈاکے میں مرکزی سہولتکار ہیں، دستور پامال کرنے، قانون کی دھجیاں اڑانے، جمہوریت کو داغدار کرنے اور عوامی مینڈیٹ کی بےحرمتی کا دروازہ کھولنے والا چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن اراکین فوراً استعفیٰ دیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہوا، الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا۔منصورہ میں مرکزی لیڈر شپ کے اجلاس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ تھی، یہ عوام، ووٹرز کے ساتھ زیادتی تھی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی الیکشن کے نتیجہ میں جو حکومت بنے گی وہ بھی جعلی ہوگی، عالمی اداروں اور میڈیا نے بھی الیکشن پر سوالات اٹھا دیے، ان انتخابات سے مزید عدم استحکام پیدا ہوگا، پولرائزیشن بڑھا دی گئی۔امیر جماعت نے الیکشن نتائج کو جعلی اور دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے فوری استعفیٰ اور تحقیقات کے لیے آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں