بلوچستان : پشین اور قلعہ سیف اللہ میں انتخابی دفاتر کے باہر دھماکے، 24 افراد جاں بحق

پشین، قلعہ سیف اللہ ( اے ایف بی) عام انتخابات سے ایک روز قبل بلوچستان کے 2 اضلاع میں دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 24 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔پہلا دھماکا بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں ہوا جس میں 12 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ دوسرا دھماکا قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی (ف) کے دفتر کے باہر ہوا جس میں 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔خانوزئی میں ہونے والے دھماکے کے بعد علاقے میں کھڑی موٹرسائیکلیں تباہ ہوگئیں اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 12 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔خانوزئی ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے 12 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی، 30 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔دھماکا عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اور سابق وزیر اسفند یار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا ہے،خوش قسمتی سے وہ دفتر میں موجود نہیں تھے، دھما کے کے وقت علاقے میں بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے دفاتر بھی اس علاقے میں ہیں۔سابق وزیر اسفند یار خٹک کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے تاہم اس بار ٹکٹ نہ ملنے پر وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑرہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں