پی ٹی آئی کے خلاف بیان نہیں دیا 3 کروڑ میں ٹکٹ بکنے کے بیان پر قائم ہوں، شیخ رشید

راولپنڈی (اے ایف بی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت پر سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی گئی، شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی لیکن پی ٹی آئی میں ٹکٹ تین کروڑ میں بیچے جانے کے بیان پر قائم ہوں۔ اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں شیخ رشید کے نو مئی کے حوالے سے قائم مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے دلائل میں کہا کہ صداقت عباسی کا بیان دوران حراست لیا گیا جو جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں لیا گیا، جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں لیا گیا بیان ٹیکسلا کے مقدمات میں استعمال نہیں کیا جا سکتا، شیخ رشید گزشتہ سال چار مئی کو بیرون ملک گئے آٹھ اور نو مئی کے درمیانی شب واپس وطن پہنچے۔وکیل شیخ رشید نے کہا کہ جس زوم میٹنگ کا حوالہ دیا جا رہا ہے وہ کہاں اور کس کی صدارت میں ہوئی؟ کوئی شواہد موجود نہیں۔

عدالت نے شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت پر سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی، ٹیکسلا میں درج تین مقدمات میں شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ہوگئی، عدالت نے شیخ رشید کو تینوں مقدمات میں ڈسچارج کر دیا اور شیخ رشید کو پولیس حراست میں دینے کی استدعا بھی مسترد کردی۔سماعت کے بعد اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دو دن رہ گئے ہیں عوام سے اپیل ہے کہ قلم دوات کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی کے خلاف کوئی پریس کانفرنس نہیں کی تھی پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار کے تین کروڑ روپے دے کر ٹکٹ لینے کے موقف پر آج بھی قائم ہوں، تین کروڑ روپے لے کر ٹکٹ دیا گیا جس کے شواہد موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی وہ دوسری جانب قید ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں