تحریک لبیک پاکستان کا راولپنڈی میں کامیاب شو حافظ سعدرضوی کاشاندار استقبال

راولپنڈی (اے ایف بی) تحریک لبیک پاکستان راولپنڈی و اسلام آباد کے زیر اہتمام  نظریہ پاکستان مارچ و کانفرنس لیاقت باغ تا فیض آباد منعقد ہوئی۔ راولپنڈی لیاقت باغ کے مقام پر سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ حافظ سعد حسین رضوی کاکارکنان کی جانب سے تاریخی استقبال کیا گیا۔ نظریہ پاکستان مارچ و کانفرنس میں صاحبزادہ حافظ انس حسین رضوی،سرپرست اعلیٰ ٹی ایل پی قاضی محمود اعوان،تحریک لبیک پاکستان شمالی پنجاب کے امیر علامہ پیر سید عنایت الحق شاہ، اراکین شوریٰ، علامہ ڈاکٹر شفیق آمینی علامہ غلام عباس فیضی علامہ فاروق الحسن قادری، شمالی پنجاب کی جملہ قیادت، ڈویژنل و ضلعی ذمہ داران اور کارکنان نے  شرکت کی۔ نظریہ پاکستان مارچ کے اختتام پر فیض آباد انٹر چینج پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پرحاصل کیا گیا ہے،قائد و اقبال کی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے جنہوں نے آزاد ملک کا خواب دیکھا اور تصویر پیش کی اُن کے ہی نظریے پر چلتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خو شحالی اور بقاء ہے،سیاسی مفادات کے لیے ملک و ملت کوبیچنے والے قوم کے حال پر رحم کریں،تحریک لبیک پاکستان کے قائدین و کارکنان اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ نظریہ پاکستان کا تحفظ کیا جائے گا، امریکہ سے معافیاں مانگ کر ایڈ لینے والے قوم کو بے وقوف بنارہے ہیں،کسی قوت کو پاکستان یا پاکستانی قوم کے ٹکڑے نہیں کرنے دیں گے،بانی پاکستان و مصور پاکستان کی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،جس دو قومی نظریہ کی بنیاد پر ہمارے آباء و اجداد نے پاکستان بنایا تھا،اُسی بنیاد پر پاکستان کو بچانے کے لیے سردھڑ کی بازی لگا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا جائے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف کوئی بھی ایسا فیصلہ جو جبر یا دھونس کے ساتھ کیا گیا تو پاکستان کی سالمیت خطرے میں پڑھ جائے گی، آدھا ملک طوفانی بارشوں کی نظر ہو چکا ہے اور سیاست دان دست و گریباں ہو کر جیل جیل کھیل رہے ہیں قوم کی آنکھیں کھل جانی چاہیے، آج 75ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر ہم عہد کریں کے پاکستان کی بقاء استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھ کو پھوڑ دیا جائے گا قوم یہ جان لے کہ حقیقی نجات اور تمام مسائل کا حل دین کو تخت پر لانے سے ہی ہے۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان شمالی پنجاب کے امیر علامہ پیر سید عنایت الحق شاہ، ڈاکٹر شفیق آمینی علامہ غلام عباس فیضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دین اسلام کو تخت پر لانے کیلئے اپنے قائد کے شانہ بشانہ کوئی دیقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ہم اپنے قائد کے ہرحکم پر لبیک کہیں گے بانی تحریک علامہ خادم حسین رضوی کے دئیے گئے نظریے کو ضرور پروان چڑھا کر دین کی بالادستی قائم کریں گے۔مارچ کے دوران کارکنان کی بڑی تعداد ہاتھوں میں پارٹی اور قومی پرچم تھامے ہوئی تھی،کارکنان پاکستان زندہ باد اور لبیک یا رسول ﷺ کے نعرے بھی بلند کرتے رہے۔ فیض آباد انٹر چینج پر نظریہ پاکستان کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی و خو شحالی اور شہداء پاکستان کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں