کسی بھی بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا جائیگا: کورکمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی(اے ایف بی) کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے کسی بھی بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272 ویں کورکمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس یں انڈین پراکیسز کے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔کانفرنس میں فیلڈ مارشل نے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جذبے، عزم اور حوصلے کو سراہا، حالیہ سیلاب کے بعد شہری انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں کے دوران ان کی خدمات کی تعریف کی۔اس موقع پر کورکمانڈرز کانفرنس میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، ابھرتے ہوئے خطرات اور عملی تیاری کا جامع جائزہ لیا گیا۔کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ مسلح افواج ہر شعبے میں پاکستان دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، دہشت گردی اور جرائم کے موجودہ گٹھ جوڑ کو بعض سیاسی مفادات کی سرپرستی حاصل ہے۔فورم کے مطابق یہ گٹھ جوڑ ریاست کے مفادات اور عوام کے تحفظ کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، اسے اب کسی بھی صورت جاری رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔فورم نے بھارتی سول اور عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ، بلا جواز اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے بیانات سیاسی مقاصد کے لئے جنگی جنون کو ہوا دینے کے بھارتی رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ بلا جواز جنگی بیانات اور اشتعال انگیزی سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا، ایسے بیانات سے امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوں گے، کسی بھی بھارتی جارحیت کا تیز اور فیصلہ کن ردِ عمل سے منہ توڑا جواب دیا جائے گا۔فورم کے مطابق جغرافیہ کی وجہ سے بھارت کی مبینہ نسبتی حفاظت کا جو تاثر ہے اسے خاک میں ملا دیا جائے گا، کسی بھی خیالی نیو نارمل کا سامنا بھی فوری اور جوابی کارروائی کے ایک نئے نیو نارمل سے کیا جائے گا۔کانفرنس کے شرکا نے عزم کا اظہار کہا کہ ہر شعبے میں جامع انسدادِ دہشت گردی آپریشنز جاری رکھی جائیں گی، بھارتی سرپرست یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان ، ختم کیا جائے گا۔شرکاء نے پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں کی اہمیت کا اعتراف کیا اور عالمی و علاقائی امن کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔فورم نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والے تاریخی سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا، معاہدے کا مقصد تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔شرکا کا کہنا تھ اکہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے لیے باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے، فورم نے کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کو دہرایا۔فورم نے فلسطینی عوام کے جائز مقصد کی بھرپور حمایت کا بھی اعادہ کیا، شرکا نے کہا کہ امید ہے جلد جنگ بندی ہوگی اور غزہ کے عوام تک انسانی امداد پہنچائی جائے گی۔کانفرنس کے شرکا نے فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا اور کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل دو ریاستی فارمولے میں مضمر ہے، 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عملی تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، جدت اور فوری ردِعمل کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج تمام خطرات کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔