انسداددہشت گردی عدالتوں کے ججز کی سکیورٹی کیلئے نئی لگژری فول پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ
لاہور( اے ایف بی)پنجاب میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے ججز کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب پولیس نے ججز کی سکیورٹی کے لیے گیارہ نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا،سرکاری ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں آئی جی پنجاب نے وزیراعلی پنجاب کو گاڑیاں خریدنے کیلئے23 کروڑ86 لاکھ45 ہزار روپے کی سمری ارسال کر دی ہے،ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سکیورٹی ڈویژن لاہور جوڈیشری کی سکیورٹی کے فوکل پرسن ہیں، نے اس حوالے سے مراسلہ جاری کیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے عدالتی نظام کو سکیورٹی کے خطرات لاحق ہیں جبکہ سکیورٹی خدشات سے متعلق تفصیلی مراسلہ سمری کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق اے ٹی سی ججز کی سکیورٹی کے لیے11 نئی گاڑیاں خریدنے پر14 کروڑ18 لاکھ45 ہزار روپے خرچ ہوں گے جبکہ ایک گاڑی کی قیمت1 کروڑ 28 لاکھ 95 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔اسی طرح گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کیلئے9 کروڑ68 لاکھ روپے درکار ہوں گے جبکہ ایک گاڑی کو بلٹ پروف بنانے کی لاگت88 لاکھ روپے ہے۔پنجاب پولیس نے نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ فراہم کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔





