بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے پہلے ٹیسٹ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اہم سنگ میل عبور کر لیا

لاہور (اے ایف بی ) پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے افتتاحی ٹیسٹ کے دوران ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔بابر اعظم جو میچ سے قبل اس ریکارڈ سے صرف دو رنز پیچھے تھے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں 3000 رنز کا ہندسہ عبور کر کے یہ شاندار کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی ، ایشین اور مجموعی طور پر آٹھویں کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے اب تک صرف 37 میچز میں 48.64 کی شاندار اوسط سے 3016 رنز بنائے ہیں جس میں 8 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔بھارت کے ٹیسٹ کپتان شبھمن گل اب تک 39 مچیوں میں 2826 رنز بنا کر زیادہ رنز بنانے والے ایشین بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، گل نے ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں 10 سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں اور ان کی بیٹنگ اوسط 43.47 ہے۔ رشبھ پنت 38 میچوں میں 43.34 کی اوسط سے 2731 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، پنت نے 6 سنچریاں اور 16 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔30 سالہ کھلاڑی کے علاوہ ڈبلیو ٹی سی میں 3000 سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں انگلینڈ کے تین بلے باز زاک کرولی (3041)، بین اسٹوکس (3616) اور جو روٹ (3080) شامل ہیں جن کے پاس ڈبلیو ٹی سی کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی ہے۔ فہرست میں مزید چار آسٹریلوی اسٹارز اسٹیو اسمتھ (4278)، مارنس لیبوشین (4225)، ٹریوس ہیڈ (3300) اور عثمان خواجہ (3288) بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں