اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیکا ترمیمی آرڈیننس 2022 کالعدم قرار دے دیا

اسلام آباد(اے ایف بی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیکا ترمیمی آرڈیننس 2022 غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دے دیا۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے محفوظ فیصلہ سنایا، پی بی اے و دیگر صحافتی تنظیموں نے چیلنج پیکا ترمیمی آرڈیننس کو چیلنج کر رکھا تھا جبکہ پیکا کے سیکشن 20 کے تحت ایف آئی اے کے بے جا اختیارات کو بھی چیلنج کیا گیا تھا۔اس سے قبل سماعت کے دوران وکیل درخواست گزارعادل عزیز قاضی، ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ اور ڈائریکٹر ایف آئی اے بابر بخت قریشی بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ کوئی تو جواب دے، لوگوں کے حقوق پامال ہو رہے ہیں، ایف آئی اے نے عدالت کے سامنے ایس او پیز رکھے اور ان کو پامال بھی کیا گیا، آپ نے ایس او پیز کی پامالی کی اور کیسز میں سیکشن لگائے جو لگتے ہی نہیں۔ڈائریکٹر ایف آئی اے بابر بخت قریشی نے عدالت میں موقف اپنایا کہ قانون بنا ہوا ہے اس پر عملدرآمد کرنے کے لیے پریشر آتا ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ نے کسی عام آدمی کے لیے ایکشن لیا، لاہور میں ایف آئی آر درج ہوئی اور اسلام آباد میں چھاپہ مارا گیا۔ ایف آئی اے ڈائریکٹر نے دلائل میں بتایا کہ ہم ایف آئی آر سے قبل بھی گرفتاری ڈال دیتے ہیں اور پھر اس سے برآمدگی پر ایف آئی آر درج کرتے ہیں۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ آپ کیسے گرفتار کر سکتے ہیں اور کس قانون کے مطابق گرفتاری ڈال سکتے ہیں، آپ اپنے عمل پر پشیماں تک نہیں اور دلائل دے رہے ہیں، کسی کا تو احتساب ہونا ہے، کون ذمہ دار ہے، جرنلسٹس کی نگرانی کی جا رہی ہے، یہ ایف آئی اے کا کام ہے کیا؟ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ بلال غوری کے علاوہ باقی سب کی انکوائری مکمل ہو چکی ہے، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ بلال غوری نے وی لاگ کیا تھا اور کتاب کا حوالہ دیا تھا، کاروائی کیسے بنتی ہے؟ ملک میں کتنی دفعہ مارشل لا لگا ہے، یہ تاریخ ہے کل لوگ باتیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں