نو مئی کیس:عمر ایوب،شبلی فراز,زرتاج گل سمیت دیگر رہنماؤں کو10،10 سال قید کی سزا

فیصل آباد(اے ایف بی) فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی مقدمات کے دو مقدمات میں فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت 168 افراد کو قید کی سزائیں سنا دیں۔انسداد دہشت گردی عدالت نے حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کے تھانہ سول لائن میں درج مقدمہ پر 185 ملزمان میں سے 108 ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزائیں سنائیں اور 77 ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا، اس موقع پر عدالت کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔عدالت کی طرف سے سنائے گئے فیصلے میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمرا ایوب، قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل اور سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شبلی فراز کو دس دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کو بھی 10سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کو بری کردیا ہے۔علی افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ خیال کاسترو بری ہونے والوں میں شامل ہیں۔تھانہ غلام محمد آباد کے مقدمہ نمبر 1277 کے فیصلہ میں 66 ملزمان میں سے 60 کو سزا سنائی گئی، 6 ملزمان کو بری کیا گیا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کو حکم دیا تھا کہ وہ 9 مئی کے مقدمات میں عدالتی کارروائی مکمل کرتے ہوئے ان پر فیصلہ سنائیں اور سپریم کورٹ کی طرف سے دی جانے والی ڈیڈ لائن اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے۔