نجی سکول بند نہ کرنے پرسکول مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی سی ای او

راولپنڈی (اے ایف بی) ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے تمام نجی تعلیمی ادارے حکومتی احکامات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تعلیمی ادارے بند کریں۔ سکولز بندش کے واضح احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں سکولز مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی امان اللہ خان چھینہ نے صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب و ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی کی قیادت میں ملاقات کے لیے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفد میں آئی ایف سی ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد طیب ، پرائیویٹ سکولز و کالج مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک نسیم احمد ، پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کے صدر حافظ محمد بشارت ، ایپسما تحصیل کے جنرل سیکرٹری عدنان نثار کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر برائے سیکنڈری ڈاکٹر گل احمد ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمنٹری ڈاکٹر حاجرہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ٹیکسلا محمد آصف ، ڈپٹی ڈی ای او عبدالرحمن اور پرنسپل گورنمنٹ ڈائنز ہائیر سیکنڈری سکول و سابق سی ای او ایجوکیشن ڈسٹرکٹ جہلم رانا جاوید بھی شریک تھے ۔
ابرار احمد خان نے کہاکہ ڈسٹرکٹ راولپنڈی میں سی ای او امان اللہ خان جس انداز سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں قابل تعریف ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کو سمجھا جائے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔ سی ای او ایجوکیشن نے کہا فروغ تعلیم کے لیے نجی تعلیمی اداروں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ پنجاب حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نظریہ کے تحت شعبہ تعلیم میں انقلابی اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات بارے محکمہ تعلیم پنجاب کے نوٹیفکیشن پر من و عن عمل کیا جائے گا اور کسی بھی سکول کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ خلاف ورزی پر سکول مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔