محکمہ تعلیم پنجاب نے یکم جون سے گرمیوں کی تعطیلات کااعلان کردیا

لاہور(اے ایف بی)سکول جانے والے بچوں کیلئے خوشخبری،محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب کا صوبے میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث تعلیمی اداروں میں جلد تعطیلات دینے کا فیصلہ ،صوبے بھر میں یکم جون سے گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کردیا،محکمہ سکولز ایجوکیشن کے مطابق صوبے بھرمیں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیاگیا ہے ۔اس حوالے سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن خالد نذیر وٹو کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اگر غیر معمولی اضافہ ہوا تو ممکن ہے چھٹیاں ایک ہفتہ پہلے ہی دے دی جائیں۔خالد نذیروٹو کا کہنا ہے کہ اگر موسم نے مزید شدت اختیار کی تو موجودہ شیڈول پر نظر ثانی بھی کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ والدین، طلبہ اور اساتذہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے کیونکہ شدید گرمی بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتی ہے۔یاد رہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر میں ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر یکم جون سے موسم گرما کی تعطیلات شروع کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے منظوری مانگی تھی۔محکمہ سکولز ایجوکیشن نے گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر پنجاب کے تعلیمی اداروں میں قبل ازوقت چھٹیوں کا امکان ظاہر کیاتھا۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن خالد نذیر وٹو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ متوقع ہیٹ ویو کے باعث موسم گرما کی چھٹیاں طے شدہ وقت سے پہلے شروع ہو سکتی تھیں تاہم اس بارے حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کریں گی۔اس سے قبل موسم گرما کیلئے سرکاری سکولوں کے اوقات کار میں 30 منٹ مزید کمی کر دی گئی تھی۔سنگل شفٹ سکول صبح ساڑھے 7 بجے لگا کریں گے۔ چھٹی دوپہر ایک بجے ہوا کرے گی جبکہ سنگل شفٹ سکولز کو جمعہ کے روز ساڑھے 11 بجے چھٹی ہوا کرے گی۔ڈبل شفٹ میں صبح ساڑھے 7 بجے سکول لگا کریں گے اور چھٹی بارہ بجے ہوا کرے گی اسی طرح ڈبل شفٹ سکول کو جمعہ کے روز ساڑھے 11 بجے چھٹی ہوا کرے گی۔سیکنڈ شفٹ میں سکولز دوپہر 12 بجے لگا کریں گے جبکہ چھٹی شام ساڑھے 4 بجے ہوا کرے گی۔ سیکنڈ شفٹ میں جمعہ کے روز سکول اڑھائی بجے لگا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں