خیبرپختونخوامیں 49 لاکھ سے زائدبچوں کے سکولوں سے باہرہونے کاانکشاف

پشاور(اے ایف بی)خیبر پختونخوا میں تقریباً 50 لاکھ بچوں کے سکول نہ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں سے باہر بچوں سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں 37 فیصد بچے تعلیم سے محروم ہیں جن کی تعداد 49لاکھ 20 ہزارہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پشاور میں 8 لاکھ سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ کولئی پالس کوہستان میں تناسب کے حساب سے سب سے زیادہ 80 ہزار333 بچے سکولوں سے باہر ہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق لوئرکوہستان اور اپرکوہستان میں 79 فیصد بچے سکول سے باہر ہیں جبکہ اپرچترال میں سب سے کم 10 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔اس حوالے سے وزیر تعلیم کے پی فیصل ترکئی کا کہنا ہے کہ 48 لاکھ سے زائدبچے اوربچیاں سکول سے باہر ہیں، حکومت بچوں اوربچیوں کو سکولوں میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔فیصل ترکئی کا کہنا تھا کہ پچھلے سال 13 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کرایاگیا اور رواں سال 10 لاکھ بچوں کوسکولوں میں داخل کرنےکا ہدف مقررکیا ہے۔