قرآن پاک کی بیحرمتی پر پابندی کیلئے ڈنمارک کی مجوزہ قانون سازی، پاکستان کا خیرمقدم

اسلام آباد: (اے ایف بی) پاکستان نے ڈنمارک کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے کے بل کی مجوزہ قانون سازی کا خیرمقدم کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بل قرآن پاک اور دیگر آسمانی کتابوں کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دے گا۔ترجمان نے کہا کہ بل قرآن پاک اور دیگر آسمانی کتابوں کی بےحرمتی روکنے کی جانب درست سمت میں قدم ہے، مقدس کتابوں کی بے حرمتی اور جلانا مذہبی منافرت کا سنگین عمل ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں مقدس کتابوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ انسانی حقوق کے عالمی قانون میں یہ طے ہے اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایسی اشتعال انگیز کارروائیوں کو قانونی طریقے سے روکنا اور ممنوع قرار دیا جانا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے توجہ دلائی گئی کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران قرآن پاک کی بےحرمتی کے پے در پے واقعات نے دنیا بھر کے ایک ارب 60 کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے ، اس طرح کی گھناؤنی حرکتوں کا مقصد عالمی برادری کے درمیان تصادم پیدا کرنا اور بین المذاہب ہم آہنگی و باہمی احترام کو نقصان پہنچانا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ قومی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذہبی منافرت، زینوفوبیا (غیر ملکیوں سے نفرت) اور اسلامو فوبیا کی ان کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔بیان میں کہا گیا کہ ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ دیگر ممالک بھی اس کی تقلید کریں گے اور اس طرح کی نفرت انگیز کارروائیوں کو کالعدم قرار دینے کے لیے اسی طرح کے اقدامات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں