ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی خواہشمند خواتین کیلئے اچھی خبر
راولپنڈی (اے ایف بی)راولپنڈی میں موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا گیا، جس کے بعد ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی خواہشمند خواتین کو تمام سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔سی پی او سید خالد ہمدانی نے راولپنڈی میں موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سی ٹی او فرحان اسلم، ایس ٹی او منیر ہاشمی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سی پی او سید خالد ہمدانی نے اس موقع پر کہا کہ موبائل لائسنسنگ کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے، وزیر اعلیٰ کے انیشیٹیو کے مطابق یہ سہولیات خواتین کو ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کی سہولت تعلیمی اداروں اور دفاتر میں بھی مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبے بھر میں 33 موبائل یونٹس فراہم کیے گئے ہیں، ان موبائل یونٹس میں ایف آئی آر کے اندراج، لرنر لائسنس، موٹر سائیکل و موٹر کار لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ڈوپلیکیٹ اور بین الاقوامی لائسنس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔





