ایکسپو گالاپونچھ 2025 کااعلان،22 اور23 ستمبرکو راولاکوٹ میں انعقاد ہوگا

اسلام آباد(اے ایف بی) اسلام آباد بزنس فورم آزادکشمیر و گلگت بلتستان نے پونچھ ڈویژن میں “ایکسپو گالا پونچھ 2025” کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے، جو 22 اور 23 ستمبر کو راولاکوٹ میں منعقد ہوگا۔ اس بات کا اعلان بزنس فورم کے صدر سردار عمران عزیز نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صحافیوں سے خصوصی نشست کے دوران کیا۔سردار عمران عزیز کا کہنا تھا کہ اگر ہم معاشی اعتبار سے مضبوط نہیں ہوں گے تو ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ آزاد کشمیر کا 250 ارب روپے کا بجٹ ہمیں خودکفالت کی جانب لے جانے کے لیے ناکافی ہے، اس لیے ہمیں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں کاروبار کو عجیب نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ لوگ لاکھوں روپے دے کر سرکاری نوکریاں خرید لیتے ہیں، کروڑوں روپے خرچ کر کے بیرون ملک چلے جاتے ہیں، لیکن اپنے علاقے میں کاروبار شروع کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ بزنس فورم نے گزشتہ چند برسوں میں اس سوچ کو بدلنے کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔سردار عمران عزیز نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر میں سمال انڈسٹری، زراعت اور دیگر پیداواری شعبے نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ سے روزمرہ کی تمام اشیاء راولپنڈی اور اسلام آباد کی منڈیوں سے منگوائی جاتی ہیں۔ مقامی صنعت کے فروغ کے لیے بزنس فورم نے ایکسپو گالا کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، جس کا پہلا مرحلہ راولاکوٹ میں ہوگا، جب کہ آئندہ مراحل میں میرپور اور مظفرآباد ڈویژن میں بھی ایسی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ 14 لاکھ آبادی کے لیے 300 ارب روپے کی معیشت ناکافی ہے، لیکن اگر ہم مقامی سطح پر اشیاء پیدا کریں تو معاشی ترقی کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ خاص طور پر لائیو سٹاک اور آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کی بھرپور صلاحیت ہے۔سردار عمران عزیز کا کہنا تھا کہ اس ایکسپو کا مقصد مقامی پیداوار اور ہنرمندی کو فروغ دینا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں کام کرنے والے افراد کو بھی ایکسپو میں اسٹال لگانے کی دعوت دی جائے گی۔ ایکسپو میں لائیو سٹاک، آئی ٹی، ہنر مندی، خواتین کے کاروبار، اور یوتھ انٹرپرینیورشپ سمیت مختلف شعبوں کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔خواتین کی خصوصی حوصلہ افزائی کے لیے الگ سے اسٹالز کا انتظام کیا جائے گا، جب کہ اسٹال لگانے والوں کو بھرپور میڈیا کوریج بھی دی جائے گی تاکہ انہیں اپنی پروڈکٹس اور خدمات کی برانڈنگ کا موقع مل سکے۔پریس کانفرنس میں کشمیر جرنلسٹس فورم پونچھ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے متعدد صحافیوں نے شرکت کی اور آزاد کشمیر میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مکمل صحافتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں