نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز سے متعلق حکومتِ پنجاب کا بڑا فیصلہ

لاہور(اے ایف بی)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں صوبے بھرمیں نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی باقاعدہ رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام چھوٹے بڑے ریسٹورنٹس اورشادی ہالزکی رجسٹریشن کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح طور پر ہدایت دی کہ ٹیکس بڑھانے کی بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ “ٹیکس بڑھا کر عوام پر بلاوجہ مالی بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔” وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس نظام میں انصاف اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ “یہ نہیں ہو سکتا کہ جو فرد اپنی آمدن رجسٹر کرواتا ہے اُسے سزا دی جائے اور جو ٹیکس چوری کرتا ہے وہ مزے کرے۔” وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عام آدمی پر مالی بوجھ ڈالنے کی بجائے بڑے پیمانے پر نان رجسٹرڈ کاروباروں کو نظام میں لایا جائے۔ مزید برآں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ “دو لاکھ تنخواہ لینے والا فرد ٹیکس دیتا ہے جبکہ کروڑوں روپے کمانے والا ٹیکس نہیں دیتا، یہ نظام بدلنا ہوگا۔”اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA)، مائنز اینڈ منرلز اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ریونیو کے نئے ذرائع تلاش کریں اور ٹیکس بیس کو وسعت دیں۔حکومت پنجاب کی یہ پالیسی عام آدمی کے تحفظ اور معیشت کو مستحکم بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے