وزراء پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی اور بلدیاتی نمائندگان کی مذاکراتی کمیٹی کے مذاکرات کامیاب

اسلام آباد(راجہ خرم زاہد/اے ایف بی)حکومت آزاد کشمیر کی وزراء پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی اور بلدیاتی نمائندگان کی مذاکراتی کمیٹی کے مابین مذاکرات کامیاب، حکومت آزادکشمیر اور بلدیاتی نمائندگان میں فنڈز کی تقسیم اور بلدیاتی نمائندگان سے متعلق دیگر مسائل پر جاری ڈیڈ لاک ختم ہو چکا ہے جبکہ تنازعہ کو افہام و تفہیم سے حل کر لیا گیا ہے، حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور بلدیاتی نمائندگان کی جانب سے چئیرمن ضلع کونسل راولاکوٹ سردار جاوید شریف نے مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کیا ہے، اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندگان کے فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے معاملات اور دیگر امور بھی یکسو کر لیے گئے ہیں، ڈیڈ لاک ختم ہو چکا ہے، دونوں فریقین حتمی نتیجے پر پہنچ چکے ہیں، بلدیاتی نمائندگان کے وفد کی قیادت کرنے والے چیئرمینضلع کونسل راولاکوٹ سردار جاوید شریف نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کے ساتھ جاری مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو چکے ہیں، دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئے، بلدیاتی نمائندگان کے وفد کی جانب سے مذاکرات کی کامیابی کا اعلان 8 اپریل کو بلدیاتی نمائندگان کے اجلاس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا، انھوں نے اس موقع پر حکومت آزاد کشمیر اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور, وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور چوہدری قاسم مجید شامل تھے جبکہ بلدیاتی نمائندگان کی مذاکراتی کمیٹی میں چئیرمین ضلع کونسل راولاکوٹ سردار جاوید شریف, چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی, مئیر مظفرآباد سید سکندر گیلانی, ممبر ضلع کونسل پونچھ سردار افتخار, چیئرمین یونین کونسل راجہ حسام جہانگیر ایڈووکیٹ, ممبر ضلع کونسل سدھنوتی سردار بابر رزاق, ممبر ضلع کونسل سردار شاہد محمود اور دیگر نمائندگان موجود تھے.

اپنا تبصرہ بھیجیں