دنیا مکافات عمل ہے ،ہمیں ہر لمحے محتاط رہنا چاہیے ‘ افتخار ٹھاکر
لاہور(اے ایف بی ) فلم ،ٹی وی اور اسٹیج کے نامور کامیڈین اداکار افتخار ٹھاکر نے کہا ہے کہ دنیا مکافات عمل ہے اس لئے ہمیں ہر لمحے محتاط رہنا چاہیے ،جو لوگ بڑھاپے میں اپنے والدین کی خدمت کی بجائے ان سے ناروا سلوک کرتے ہیںانہیں دنیا میں اس کی سزا بھگتنا پڑتی ہے ۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور چوہدری سرور دونوں میں مزاح کی حس بہت زیادہ ہے اور دونوں بڑے زندہ دل ہیں ، دونوں بر جستہ جملے بازی کرتے ہیں جس سے لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امان اللہ مرحوم ہماری بڑی رہنمائی کرتے تھے ، وہ کہتے تھے کام کے حوالے سے ایک دوسرے کی تعریف کیا کرو اور ایک دوسرے سے مل کر رہو ۔ مجھے جب بھارتی پنجابی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا تو ایسا نہیں کہ میں نے صرف اپنے بارے میں سوچا بلکہ اپنے دیگر ساتھیوں کے لئے بھی مواقع پیدا کئے ، کیونکہ مجھے اما ن اللہ مرحوم کا دیا ہوا سبق یاد تھا ۔انہوںنے اپنے نام کے ساتھ افتخار ٹھاکر کے حوالے سے بتایا کہ راولپنڈی میں ایک ڈرامہ ’’پینڈو ان ٹربل ‘‘ چل رہا تھا اس کی پبلسٹی میں کسی نے افتخار کے ساتھ ٹھاکر کا اضافہ کر دیا اور آج لوگ افتخار سے زیادہ ٹھاکر کو زیادہ جانتے ہیں۔