وزیرتعلیم پنجاب کااسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام لانے اور طلبہ کوفارن سکالرشپ پربھیجنے کابھی اعلان

لاہور ( اے ایف بی) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ فی میل گریجویٹس کو خودمختار بنانے کے لئے جدید سکلز اور آئی ٹی کی مہارت سکھائیں گے،انہوں نے اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام لانے اور طلبہ کو فارن سکالرشپ پر بھیجنے کا بھی اعلان کر دیا اورکہاکہ ایسی تعلیمی پالیسی لائیں گے کہ نجی تعلیمی اداروں کے طلبا سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے کی خواہش کا اظہار کریں گے، پنجاب کے تعلیمی اداروں کو آئندہ 5 سالوں میں اس لیول پر لے جائیں گے کہ بین الاقوامی جریدے بھی اس تعلیمی انقلاب کا ذکر کرنے پر مجبور ہوں گے۔ گورنمنٹ ایم اے او کالج کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کیلئے اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام لا رہے ہیں، اس ضمن میں بیشتر ممالک کی یونیورسٹیوں سے ایم او یو کرنے جا رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اگلے سال سے پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے ایک ہزار طلبہ و طالبات کو فارن سکالرشپ پر بھیجیں گے، انہوں نے کہا کہ طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ مل کر تعلیمی انقلاب لائیں گے، کرپشن اور ہراسمنٹ پر زیرو ٹالیرنس پالیسی ہوگی اور میرٹ کو ہی ترجیح دی جائے گی۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو وسائل سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ دوپہر اور شام کے اوقات میں بھی کلاسوں کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جس سے تعلیمی شرح بڑھے گی اور آٹ آف سکول بچوں کی تعداد میں بھی کمی آئے گی۔ آنے والی تعلیمی اصلاحات معیار تعلیم کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام کی بہتری میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں