پولیس نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو گرفتار کرلیا


 
 لاہور(اے ایف بی)پولیس نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو ان کے گھر سے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری لاہور سے گرفتار کرلیا، انہیں مبینہ طور پر تھانہ کوہسار اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے بیان پر درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر گزشتہ رات فواد چوہدری پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ لاہور سے لیا جائیگا اور انہیں آج ہی اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے سینئر رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کو ان کے گھر سے گرفتار کرلیا۔پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا کہ رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے گرفتار کرلیا، امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔دوسری جانب فواد چوہدری کے چھوٹے بھائی فیصل حسین نے ٹویٹ کیا کہ ان کے بڑے بھائی سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کو تھوڑی دیر قبل بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں میں نامعلوم افراد نے غیر قانونی طریقہ سے لاہور کے گھر سے اٹھایا ہے، اغوا کنندگان نے وارنٹ دکھائے ہیں نہ اپنی شناخت ظاہر کی۔ادھر رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کی، انہوں نے بتایا کہ فواد چوہدری کو نامعلوم مقام پر لے گئے، ان سے متعلق معلومات نہ دیں تو ملک گیر احتجاج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، ملک میں لٹیرے دندناتے پھر رہے ہیں، کیا ملک میں جمہوری حکومت قائم ہے؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی، ہمارا ان سے مقابلہ نہیں۔اس سے قبل پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے آج رات 2 بجے عمران خان کی گرفتاری کے خدشہ کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو بھی کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں