پنجاب میں ون ڈش پابندی کی خلاف ورزی اورغیر ضروری لاؤڈ سپیکراستعمال پرکریک ڈاؤن کا فیصلہ
لاہور ( اے ایف بی) پنجاب حکومت نے صوبے میں ون ڈش پابندی کی خلاف ورزی اور غیر ضروری لاؤڈ سپیکر استعمال کرنے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ون ڈش کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں اور لاؤڈ سپیکر کے غیر ضروری استعمال کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ون ڈش کی پابندی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بتایا گیا ہے کہ شادیوں اور دیگر تقریبات میں بلند آواز میں موسیقی کے استعمال کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے، اسی طرح قوالی نائٹ اور دیگر تقریبات میں لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال پر مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، فارم ہاؤسز اور گراؤنڈز میں لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال پر پابندی کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے۔حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ون ڈش کی پابندی صرف میرج ہالز تک محدود نہیں رہے گی بلکہ فارم ہاؤسز اور گراؤنڈز میں بھی اس پر سختی سے عمل کرایا جائے گا، صوبائی حکومت نے میرج ہالز کے لیے مقررہ اوقات کار کی پابندی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے اس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا فیصلہ کرلیا۔





