عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے ارکان تبدیل

لاہور( اے ایف بی) عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے ارکان کو سربراہ سے اختلافات کے سبب تبدیل کردیا گیا۔وزیر آباد میں عمران خان پر حملے کی تفتیش میں تنازعات سامنے آنے، سربراہ کی ارکان سے متعلق شکایات کے بعد محکمہ داخلہ نے جے آئی ٹی سربراہ کے ساتھ اختلافات رکھنے والے تمام ارکان تبدیل کردئیے۔نوٹی فکیشن کے مطابق اس حوالے سے جے آئی ٹی کے سربراہ غلام محمود ڈوگر کی سربراہی میں نئے ارکانِ کی تقرری کا پچھلی تاریخوں میں نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا جس کی تاریخ 14 جنوری رکھی گئی ہے۔نئے ارکانِ میں ڈی پی او ڈی جی خان محمد اکمل، ایس پی انجم کمال، ڈی ایس پی سی آئی اے جھنگ ناصر نواز شامل ہیں جب کہ کسی بھی محکمہ کے چوتھے رکن کی تقرری کا فیصلہ جے آئی ٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ حملے کی تحقیقات کے دوران جے آئی ٹی کے ارکان میں اختلافات پیدا ہوگئے تھے، سربراہ جے آئی ٹی نے تحریری طور پر دو ارکان کے خلاف شکایات محکمہ داخلہ کو ارسال کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں