فیفا ورلڈکپ فائنل؛ قطری حکومت کا ملک میں عام تعطیل کا اعلان

دوحا (اے ایف بی) قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے فائنل کیلئے قطری حکومت نے آج عام تعطیل کا اعلان کردیا۔قطری میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فیفا ورلڈکپ کیلئے تمام نجی ادارے اور سرکاری ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ قطر نیشنل ڈے کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں، جسے آج شاندار طریقے سے منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔قطری حکومت نے ملک میں کام کرنے والے تمام ملازمین کے لیے بھی چھٹی دی ہے۔دوسری جانب عالمی کا فائنل آج رات 8 بجے فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ہی ٹیمیں ٹائٹل پر قبضے کیلیے بے قرار ہیں، انھیں بہترین کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہے۔کوپا امریکا چیمپئنز ارجنٹائن کا ٹورنامنٹ میں آغاز انتہائی مایوس کن رہا جب اسے سعودی عرب کے ہاتھوں1-2 سے شکست ہوگئی، اس کے بعد میکسیکو سے بھی کافی سخت مقابلہ رہا تاہم میسی نے 64 ویں منٹ میں گول کرکے صورتحال بدل دی، بعد میں ارجنٹائن نے آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور کروشیا پر فتوحات حاصل کرتے ہوئے فیصلہ کن معرکے میں رسائی حاصل کی، اس دوران جولین الواریز نے بھی صلاحیتوں کا بھرپور جادو جگایا۔دوسری جانب فرانس کو آسٹریلیا سے پہلے میچ کے آغاز میں ہی ایک گول کے خسارے میں جانا پڑا ،ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے4-1سے کامیابی حاصل کی، پھر ڈنمارک سے میچ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت لاسٹ 16 میں جگہ پکی کرلی، اگرچہ اسے تیونس کے ہاتھوں مات ہوئی مگر بعد ازاں پولینڈ کو ناک آؤٹ کرکے کوارٹر فائنل کا ٹکٹ کٹوایا جہاں پر انگلینڈ کو2-1 سے ٹھکانے لگایا۔واضح رہے کہ ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اپنے کیریئر کا آخری ورلڈکپ میچ کھیلیں گے، وہ جیت کے ساتھ اس مقابلے کو یادگار بنانا چاہتے ہیں، اسی طرح ارجنٹائنی پلیئرز بھی تیسری مرتبہ چیمپئن بن کر اپنے اسٹار فٹبالر کے خوابوں کو حقیقت کا رنگ بھرنے کیلیے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں