مسئلہ کشمیرجنوبی ایشیاءبلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے, بیرسٹرسلطان محمود

اسلام آباد(اے ایف بی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بہتر انداز میں ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ یورپی یونین کے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے ساتھ یکساں تعلقات ہیں۔ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی قوتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک حل طلب مسئلہ ہے۔دونوں ایٹمی قوتوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ اس لئے یورپی یونین کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا(Dr. Riina Kionka) اور پولیٹیکل قونصلر رقیے کمورکو (Rukiye Komurcu) سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ایک تفصیلی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے مزید کہا کہ یورپی یونین مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرے اور مسئلہ کشمیر پرپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔