جی 20 کانفرنس پرکشمیریوں کے احتجاج کا خوف، بھارتی فوررس کی ڈل جھیل میں مشقیں

سرینگر (اے ایف بی) بھارت کی فورسز نےمقبوضہ کشمیر میں جی 20 کانفرنس کے دوران گزشتہ روز ڈل جھیل میں کسی کشمیری حریت پسند گروپ کی کسی ممکنہ مسلح کارروائی کے خوف سے خصوصی مشقیں کیں۔مقبوضہ کشمیر کے صحافتی زرائع کی رپورٹوں کے مطابق پاکستان اور چین کی مخالفت کے باوجود بھارت کی بی جے پی حکومت مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو فراموش کر کے گلمرگ میں جی 20 کانفرنس کرنے کی تیاریاں بدستور جاری رکھے ہوئے ہے تاہم اس کی تیاریوں سے کشمیری شہریوں کی جانب سے ممکنہ احتجاج اور کسی حریت پسند مسلح گروہ کی جانب سے کسی اچانک کارروائی کا خوف بھی عیاں ہے۔ گزشتہ روز سری نگر کی ڈل جھیل میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے واٹر ونگ اور کوئیک ایکشن ٹیم نے ایک مشترکہ مشق کی جس میں ایک مسلح دستہ کو جھیل میں کشتیوں پر سوار ہو کر پٹرولنگ کرتے اور کسی ٹارگٹ کے خلاف کارروائی کرتے دکھایا گیا۔ اس مشق کی بھارتی میڈیا میں بڑے پیمانہ پر تشہیر کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔ کشمیری حریت پسند شہری ماضی میں کئی مرتبہ ڈل جھیل کے اندر کشتیوں میں پر امن احتجاج کر کے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی طرف مبذول کروانے کی کوششیں کر چکے ہیں۔سری نگرمیں آزاد صحافتی زرائع کا کہنا ہے کہ جی 20 کانفرنس کے موقع پر سری نگر اور دیگر شہروں میں کشمیری عوام کا احتجاج روکنے کے لئے حکومت پس پردہ کوششیں بی کر رہی ہے اور کانفرنس کے انعقاد کے دنوں میں سری نگر خصوصا؍؍ گلمرگ اور کشمیر کے دیگر شہروں میں عمومی طور پر احتجاج روکنے کے لئے جنگی پیمانہ پر انتظامات کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں