وزیراعظم آزادکشمیرکاکے جے ایف کیلئے 50 لاکھ روپے گرانٹ اور دس ممبران کیلیے عمرہ ٹکٹ کا اعلان

اسلام آباد ( اے ایف بی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کشمیری صحافیوں کی سب سے بڑی تنظیم کشمیر جرنلسٹ فورم کیلئے 50 لاکھ روپے گرانٹ اور دس ممبران کیلیے عمرہ ٹکٹ کا اعلان۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی جموں شمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیر جرنلسٹ فورم کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی شرکت،وزیراعظم آزاد کشمیر کا تقریب آمد پر جڑواں شہروں کیممتاز صحافیوں کی جانب سے والہانہ استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیر جرنلسٹ فورم کے نو منتخب ممبران سے حلف لیا۔تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ،سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب، میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم،صدر کشمیر جرنلسٹس فورم خاور نواز راجہ،سابق صدر فورم زاہد عباسی،جنرل سیکرٹری فورم سردار عقیل انجم، انویسٹمنٹ بورڈ آزادکشمیر کے چیئرمین امجد جلیل،سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صحافتی شعبہ سے مجھے ذاتی دلچسپی ہے،صحافیوں کے جملہ مسائل سے آگاہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ صحافی نامساعد حالات کہ باوجود اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری بخوبی انجام دے رہے ہیں۔کشمیر جرنلسٹ فورم نے اچھی جدوجہد کی، تحریک آزادی کشمیر،آزاد کشمیر کی سیاست اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں صحافیوں کا اہم کردار ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کشمیر جرنلسٹ فورم کے 10 ممبران کو عمرہ ٹکٹ اور فورم کے لیے پچاس لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ سکیم بنائی جائے گی،انہوں نے تجویز دی کہ فورم کے ممبران کی مدت کو دو کے بجائے تین سال کیا جائے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے سینئر صحافی سردار دلپذیر عباسی مرحوم کی فیملی کے لیے 10 لاکھ جبکہ کشمیر جرنلسٹ فورم کے سابق ممبران سردار شفیق، رفیق صدیقی، شیخ لطیف کی فیملیز کے لیے تین تین لاکھ روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں آنے کا واحد مقصد اپنی ریاست کی تقدیر بدلنا ہے۔ ہماری حکومت نے تمام تر مخالفت کے باوجود بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ممکن بنایا جو لوگوں کا حق تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مختصر مدت میں ریاستی عوام کی فلاح وبہبود اور تعمیر و ترقی کے لیے اہم اقدامات کیے۔جہیز فنڈز اور زکوٰۃ فنڈ میں تاریخی اضافہ کیا۔مہاجرین جموں وکشمیر کے گزارہ الاؤنس میں یکمشت 1500 کا اضافہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 32 سال بعد میرپور ڈرائی پورٹ منصوبہ کو دوبارہ فعال کر دیا جس سے ہماری معیشت بہتر ہو گی۔آزاد کشمیر میں پہلی نجی ائر لائن کو لائسنس اجرا کیا گیا جس سے معیشت اور سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں سب سے معتبر پیشہ سے منسلک معلم قرآن کا سکیل ون تھا جسے ہماری حکومت نے گریڈ 7 تک کر دیا ہے،دیگر سپورٹنگ سٹاف کا گریڈ مزید بہتر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ٹریفک کا نظام کنٹرول کرنے کے لیے ماضی کی حکومتوں نے کوئی توجہ نہ دی،ہماری حکومت ڈویژنل سطح پر ٹریفک پولیس کے سینئر افسران کی تعیناتی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت تمام شعبوں میں اصلاحات کر رہی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ ریاست کو فلاحی ریاست بنایا جائے جہاں عام آدمی کو سہولیات میسر ہوں۔ حکومت نمود و نمائش کا نام نہیں بلکہ عوام کی فلاح کا نام حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی حکومت کے فلاحی و ترقیاتی اقدامات کو اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔صحافی کو حق حاصل ہے کہ وہ تنقید کرے مگر تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے،صحافی ریاست کا اہم جز ہیں۔ اس موقع پر کشمیر جرنلسٹ فورم کے نو منتخب صدر خاور نواز راجہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا تقریب میں خصوصی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام کی طرح صحافیوں کی آخری امید کی کرن بھی سردار تنویر الیاس خان ہیں۔ نو منتخب صدر نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو بلدیاتی الیکشن کے کامیاب انعقاد، رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام، 2600 سے زائد ایڈہاک ملازمین کی مستقلی سمیت دیگر دینی و فلاحی اقدامات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے تقریب کے اختتام پر سینئر صحافی سردار دلپذیر عباسی مرحوم سمیت دیگر مرحومین کے ایصال ثواب اور درجات بلندی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں