سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک انصاف کے 25ممبران اسمبلی کی تحریک عدم اعتماد پیش

مظفرآباد(اے ایف بی) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے 25 ممبران قانون ساز اسمبلی نے اپنے ہی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی ہے ۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں تحریک انصاف آزاد کشمیر کے 25 ممبران قانون ساز اسمبلی کے دستخط ہیں۔ آزاد کشمیرقا نون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ نے منگل کے روز تحریک عدم اعتماد کی قرارداد وصول کر لی ہے ۔25 ممبران قانون ساز اسمبلی نے آزاد کشمیرقا نون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک میں سردار تنویر الیاس خان کو اپنا لیڈر تجویز کیا ہے ۔تحریک عدم اعتماد کے لیے پیش کی گئی قرارداد میں وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی پر الزام ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور پر عمل درامد میں ناکام رہے ، اقربا پروری اور میرٹ کی پائمالی کے مرتکب ہوئے ہیں ، اچھی حکمرانی کا فقدان ہے ۔ ان الزامات کی بنیاد میں قرارداد میں کیا گیا ہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی ایوان کا اعتماد کھو بیٹھے ہیں۔اس لیے ایکٹ 1974 کے آرٹیکل 18 کے تحت قرارداد تحریک عدم اعتماد پیش کی جاتی ہے ۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ ، تحریک عدم اعتماد کامیابی کی صورت میں سردار تنویر الیاس وزیراعظم بن سکتے ہیں ۔ آزدکشمیر کے قانون کے مطابق تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد 14 دن کا وقت ہوتا ہے جس میں صدر اسمبلی اجلاس طلب کریں گے14 دن کے اندر اندر اگر عدم اعتماد واپس لے لی گئی یا تحریک ناکام ہوگئی تو 6 ماہ تک دوبارہ عدم اعتماد کی تحریک نہیں لائی جاسکتی ، اس طرح سردار عبدالقیوم نیازی کو مزید چھ ماہ کا وقت مل سکتا ہے۔ یاد رہے کہ عدم اعتماد ایک ایسے وقت جمع کروائی گئی ہے کہ جب پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ دیگر جماعتوں کی مشاورت سے تحریک عدم اعتماد اگلے 24 گھنٹوں میں جمع کروانے کروانے کا امکان تھا۔ ۔ ، عدم اعتماد کی تحریک سردار تنویر الیاس خان گروپ کے ممبران اسمبلی علی شان سونی, اکبر ابراہیم چودھری اور عبدالماجدخان نے جمع کروائی تحریک سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کروائی گئی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں