فرانس، بجٹ کٹوتیوں کیخلاف احتجاج، مظاہرین نے کئی مقامات پر آگ لگا دی، سڑکیں بلاک

پیرس( اے ایف بی) فرانس میں تقریبا 2 لاکھ افراد نے بجٹ کٹوتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے صدر میکرون سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔ فرانس کے مختلف شہریوں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے، مختلف مقامات پر کچرے کے ڈبوں اور دیگر اشیا کو آگ لگادی۔ مظاہرین نے مغربی شہر رینس میں ایک بس کو نذر آتش کردیا، پیرس میں بھی عمارت کا ایک حصہ جلادیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مظاہرین نے مختلف مقامات پر اہم سڑکیں اور ہائی ویز کو بلاک کردیا، جنوب مغربی علاقے میں بجلی کی کیبلز کو آگ لگنے سے ٹرین سروس معطل ہوگئی۔ مظاہرین نے کہا کہ حکومت کو چہرے نہیں بلکہ پالیسی بدلنا ہوگی۔ ادھر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کردی، پانی کی توپیں بھی چلا دیں۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملک بھر سے 500 کے قریب افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔