حریت کانفرنس کاکشمیر سے متعلق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے بیان کا خیرمقدم

سرینگر( اے ایف بی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر سے متعلق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بھارتی تسلط کیخلاف برسرپیکار کشمیریوں کیلئے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھر پور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے الگ نہیں کرسکتی ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے وحشیانہ بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فوجی تسلط اور ظلم وتشدد سے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو ہرگز کچل نہیں سکتا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے جو عالمی سطح پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھر حمایت اور وکالت کر رہا ہے۔ کشمیری پاکستانی فوج کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں اور پاکستان سے الحاق کا ان کا دیرینہ خواب ایک دن ضرور پورا ہو گا۔


اپنا تبصرہ بھیجیں