شام کے صدر ملک سے فرار، دارالحکومت پر باغیوں نے قبضہ کرلیا
دمشق(اے ایف بی) شام کے صدر بشار الاسد ملک سے فرار ہوگئے جس کے بعد دمشق میں باغی داخل ہوگئے اور دارالحکومت پر قبضہ کرلیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق باغیوں کے حملے کے بعد صدر بشار الاسد کی حکومت ختم ہو گئی، جس کا اعلان شامی فوج کی کمان نے کیا، فوج کے دو سینئر افسران نے بتایا کہ بشار الاسد دمشق سے کسی نامعلوم مقام کے لیے روانہ ہوگئے کیوں کہ باغیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ دارالحکومت میں داخل ہوگئے ہیں اور فوج کی تعیناتی کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت پر باغیوں کے قبضے کے بعد شامی ایئر کے ایک طیارے نے دمشق ایئرپورٹ سے اڑان بھری، طیارے نے ابتدائی طور پر شام کے ساحلی علاقے کی جانب پرواز کی جو صدر بشارالاسد کے علوی فرقے کا گڑھ ہے تاہم پھر اچانک یو ٹرن لے کر کچھ منٹ تک مخالف سمت میں پرواز کے بعد نقشے سے غائب ہوگیا۔ الیوشین 76 طیارہ جس کی فلائٹ نمبر سیریئن ایئر 9218 تھی، دمشق سے اڑان بھرنے والی آخری پرواز تھی، پہلے اس نے مشرق کی طرف اڑان بھری پھر شمال کی طرف مڑ گیا اور چند منٹ بعد حمص کے گرد چکر لگاتے ہی اس کا سگنل غائب ہو گیا۔شامی باغیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے دارالحکومت دمشق پر قبضہ کر لیا ہے اور الاسد کی حکومت کے خاتمے کا اعلان کر دیا جب کہ مسلح اپوزیشن نے ایک بیان میں کہا کہ ہم دمشق کو جابر بشارالاسد سے پاک قرار دیتے ہیں، انتقال اقتدار تک حکومتی ادارے سابق وزیر اعظم کی زیر نگرانی رہیں گے۔