برطانیہ نے یوٹیوبررجب بٹ کوملک بدرکردیا
لندن (اے ایف بی ) برطانیہ کی طرف سے پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کو ملک بدر کر دیا گیا۔ جیو نیوز کے مطابق معروف یوٹیوبر اور وی لاگر رجب بٹ کو برطانیہ سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جس کے نتیجے میں وہ آج صبح کی پرواز سے ہی پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے، تاہم رجب بٹ کی ملک بدری کی وجہ ان کے برطانوی ویزہ کی منسوخی بتائی گئی ہے، رجب بٹ کے خلاف حالیہ قانونی مقدمات کو ویزہ ایپلی کیشن میں ظاہر نہ کرنے پر برطانیہ نے مبینہ طور پر ان کا ویزہ منسوخ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے، درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل احد کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے، جہاں سماعت کے بعد اس حوالے سے جسٹس راجہ انعام امین نے کل اسلام آباد ایئرپورٹ پر انہیں گرفتار نہ کرنے اور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، دونوں ملزمان کے خلاف گیمبلنگ ایپ اور سائبر کرائم سمیت دیگر متعدد مقدمات درج ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ رجب بٹ کی ملک بدری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی واپسی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی، وزیر داخلہ نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے کاغذات بھی برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیے، اس سے پہلے پریس کانفرنس میں محسن نقوی نے کہا تھا کہ بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا کے ذریعے فیک نیوز پھیلانے والوں کو تحفظ نہیں ملے گا،آپ بہت جلد واپس لائے جائیں گے اور ہر بات کا جواب دینا ہوگا۔





