بھارت کی فلمی دنیاحقیقت سے دورہے،مئی کی جنگ نے سب واضح کردیا،جمال شاہ
کراچی(اے ایف بی)سینئر اداکاروہدایتکار جمال شاہ نے کہا کہ بھارت کی فلمی دنیا غیر حقیقی تشدد اور بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے ہیروز کے سہارے چل رہی ہے، مگر مئی میں پیش آنے والے واقعات نے ان تمام فینٹسیوں کو بے نقاب کر دیا۔جمال شاہ نے حال ہی میں عمر ثانی کے ہوسٹ کیے گئے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بھارت کی فلمی صنعت میں تشدد اور جنگ کو غیر حقیقی انداز میں پیش کرنے پر سخت تنقید کی۔گفتگو کے دوران جمال شاہ نے واضح کیا کہ وہ ایسے پروجیکٹس کا کبھی حصہ نہیں بنتے، جن میں ناظرین کے لیے کوئی سبق موجود نہ ہو یاجو حقیقی زندگی سے مطابقت نہ رکھتے ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈراموں اور فلموں میں دکھایا جانے والا تشدد نہ صرف حقیقت پر مبنی ہونا چاہیے بلکہ اس کے نتائج بھی حقیقت کے قریب ہونے چاہئیں۔جمال شاہ کے مطابق پاکستان میں کسی بھی شہر میں ایسا بلاجواز تشدد دیکھنے کو نہیں ملتا، جیسا کہ بھارت کی ساؤتھ انڈین فلموں میں دکھایا جاتا ہے، جہاں ایک شخص اچانک نمودار ہو کر سڑکوں پر فائرنگ شروع کر دیتا ہے اور اس فائرنگ کے نتیجے میں لوگ 30 سے 50 فٹ دور جا گرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سب مبالغہ آرائی ہے اور حقیقت سے بہت دور ہے۔مئی میں پاک بھارت جنگ کے دوران بھارت کو جس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، وہ بھی اسی وجہ سے تھا کہ وہ فلمی دنیا کے غیر حقیقی تصورات میں رہتے ہیں، جہاں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ ایک 70 سال کا ہیرو آئے گا اور سب کو شکست دے دے گا۔اپنی گفتگو کے اختتام پر جمال شاہ نے کہا کہ ایسی فلمیں ایک آدھ بار تو چل سکتی ہیں، لیکن بار بار لوگوں کو دھوکا نہیں دیا جا سکتا۔ان کے مطابق اگر فلموں میں حقیقت کے قریب تر ایکشن مناظر شامل کیے جائیں تو وہ زیادہ مؤثر اور قابل قبول ہوں گے۔





