سرکاری نیوزایجنسی اے پی پی کے ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد(اے ایف بی) قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ایمپلائز یونین (سی بی اے) نے اپنے مطالبات کے حق بالخصوص 25فیصد اور 15فیصد ڈسپیریٹی الاﺅنس کے فنڈ کی موجودگی کے باوجود عدم ادائیگی پر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت اے پی پی ایمپلائز یونین کے صدر شہزاد علی اکبر ، جنرل سیکرٹری راجہ ندیم اقبال اور دیگر عہدیداران کر رہے تھے۔قائدین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خزانہ کی کمیٹی اور کابینہ سے منظوری کے بعد دوماہ کی تنخواہوں کے ساتھ 10فیصد ایڈہاک ریلیف ، 25 اور 15فیصد ڈسپیریٹی الاﺅنس اے پی پی مینجمنٹ وصول کر چکی ہے مگر ورکرز کو ڈسپیریٹی الاﺅنس کے واجبات ادا نہیں کیے جا رہے جو سراسرناانصافی ہے۔ یونین قائدین نے مطالبہ کیا کہ فی الفور ڈسپیریٹی الاﺅنس ادا کیے جائیں اور ڈی پی سی کا انعقاد کیا جائے۔ قائدین نے مطالبہ کیاکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے بصورت دیگر ہمارا احتجاج جاری رہے گااور منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر احجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری اے پی پی مینجمنٹ پر عائد ہوگی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدرمنیبہ افتخار، جوائنٹ سیکرٹری، طارق محمود چوہدری، چوہدری ضرار فرید، پریس سیکرٹری ظہیرالدین بابر، فنانس سیکرٹری معظم جاوید کھوکھر، ممبر ایگزیکٹو سہیل اقبال چیمہ، ظہور احمد، راجہ غلام فرید،افضل ہنس، علی اعوان، ریحانہ پروین، خورشید عالم خان، ساجد وڑائچ، نعمان عتیق، عندلیب خان اور دیگر قائدین بھی موجودتھے۔ اے پی پی ملازمین نے ایک کثیر تعداد میں مظاہرے میں شرکت کی اور اپنے مطالبات کے حصول کےلئے احتجاج کیا