حمزہ شہباز 197 ووٹ حاصل کرکے پنجاب کے 21ویں وزیراعلیٰ منتخب

لاہور(اے ایف بی)پنجاب اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی کے دوران ووٹنگ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز 197 ووٹ حاصل کرکے پنجاب کے 21ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے جبکہ حریف امیدوار پرویز الہٰی کی جماعت مسلم لیگ (ق) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا۔ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایوان سے مخاطب ہوکر کہا کہ آج جمہوریت کی کامیابی ہوئی ہے۔۔انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کی گنتی کرلی گئی ہے جس کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی نے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا جبکہ محمد حمزہ شہباز نے 197ووٹ حاصل کیے ہیں۔وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد حمزہ شہباز نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کے بارے میں ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا لیکن یہ کیا بات ہے کہ جس نے ایوان کی پاسداری کو حلف لیا ہے ان کو جب اپنی ہار نظر آئے تو وہ دروازے بند کردوادیں اور ہال سیل کرکے آپ پر حملےکروائیں۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ نے جس طرح اپنا فرض بہادری سے ادا کیا، میں اس معزز ایوان کے توسط سے آپ کو خراج تحشین پیش کرتا ہوں، ہر طرح سے آپ کو زچ کیا گیا، آپ کے احکامات کو نہیں مانا گیا، عدالت نے آپ کو بلا کر اختیارت دیے گئے اس کے باوجود آج تیسری بار آئین کے ساتھ مذاق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ قوم 15 دن سے ہیجان کا شکار تھی، لیکن آج جمہویرت کی فتح ہوئی ہے، یہ میری فتح نہیں اس ایوان میں بیٹھے ایک ایک رکن کی فتح ہوئی ہےحمزہ شہباز نے کہا کہ میں اس رب کا شکر ادا کرتا ہوں، ورکرز، پارٹی ارکان، معزز اتحادی، پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی، علیم خان، جہانگیر ترین، ملک اسد کھوکھر، راۃ حق پارٹی کے معاویہ اعظم اور جگنو محسن سمیت دیگر کا شکریہ ادا کرتا ہوں