وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری سے متعلق آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام کے تحفظات کو دورکرے گی قمرزمان کائرہ

اسلام آباد(اے ایف بی)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری سے متعلق آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام کے تحفظات کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے قائم شدہ کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون آزاد کشمیر فہیم ربانی، ایم ایل اے احمد رضا قادری، ایم ایل اے دیوان علی خان، ایم ایل اے فیصل راٹھور کے علاؤہ وزارت خارجہ، داخلہ، ادارہ شماریات اور دیگر اعلی عہدیداران نے شرکت کی، اس موقع پر مشیر آمور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کا خطہ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ آزاد کشمیر کے تمام تر معمالات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری پر آزاد کشمیر حکومت اور عوام کے تحفظات کودور کرنے کی کوشش کرے گی اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، اس سے قبل آزاد کشمیر کے وزیر قانون فہیم ربانی اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری میں شہریت، زبان اور سکونت کے حوالے سے اپنے تحفظات سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری میں موجود ابہام اور تحفظات سے آزاد کشمیر کی سیاسی اور مالیاتی صورتحال پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے، اجلاس میں ادارہ شماریات کے چیف سٹیٹیشن نے اجلاس کے شرکاء کو آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری کے متعلق تکنیکی اور انتظامی صورتحال اور مینڈیٹ سے آگاہ کیا، مشیر امور کشمیر نے اجلاس کے شرکاء کو ایک مرتبہ پھر یقین دلایا کہ ان کی وزارت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور یہ ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے مسائل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں اور اس مسلے کے حل کے لیے وہ تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کر کے اس مسلے کا قابل قبول حل ممکن بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں