گورڈن کالج راولپنڈی سمیت پنجاب کے 18 کالجوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس


راولپنڈی (اے ایف بی) پنجاب حکومت نے گورڈن کالج راولپنڈی سمیت پنجاب کے 18 کالجوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لے لیا ہے نجکاری کی زد میں آنے والوں میں طلبا کے 14 اور طالبات کے 4 کالج شامل تھے تاہم نجکاری کے فیصلے کی واپسی کے بعد ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن نمبر
SO (AB) 2-10 /2010 (P)
میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب نے راولپنڈی کے 2کالجوں سمیت مختلف اضلاع میں طلبا و طالبات کے 18کالجوں کی نجکاری کا عمل روکنے کی منظوری دے دی ہے اور نجکاری سے متعلق پہلے سے جاری نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گورڈن کالج راولپنڈی ،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج جہلم کے علاوہ لاہور میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سمن آباد، گورنمنٹ کالج برائے خواتین گلبرگ، گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائن، گورنمنٹ کالج آف سائنس وحدت روڈ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اسلامیہ کالج برائے خواتین کوپر روڈ اور گورنمنٹ ایم اے او کالج، گورنمنٹ کالج فار بوائز سمن آباد فیصل آباد ،ساہیوال میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج شامل ہیں اسی طرح گورنمنٹ ایس ای کالج بہاولپور ، گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ڈی جی خان، ضلع سرگودھا کے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سرگودھا اور گورنمنٹ انبالہ مسلم کالج ،ضلع گوجرانولہ کے گورنمنٹ کالج گوجرانولہ ،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سٹلائٹ ٹاؤن اور گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ شامل ہیں اس طرح ان کالجوں کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے کی واپسی کے بعد مذکورہ تمام کالجوں سے بورڈ آف گورنرز ختم کردئیے گئے ہیں اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ان کالجوں کا نظام دوبارہ سنبھال لیا ہے ادھر حکومتی فیصلے سے طلبا و طالبات کے علاوہ کالجوں کے پروفیسروں اور غیر تدریسی عملے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے یاد رہے گورڈن کالج راولپنڈی کی نجکاری کے خلاف گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں راولپنڈی میں زبردست احتجاج کیا گیا تھا پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن سمیت اساتذہ کی دیگر تنظیموں اور طلبا یونینوں کے علاوہ والدین کی بڑی تعداد بھی احتجاج میں شامل رہی تاہم شدید احتجاج کے باعث راولپنڈی کی انتظامیہ کی یقین دہائی پر احتجاج کو ملتوی کیا گیا تھا تاہم گزشتہ روز حکومت نے نجکاری کا فیصلہ واپس لے لیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں