شادی ہالز کے اندر تقریبات پر70روز تک پابندی عائد

لاہور(اے ایف بی) پنجاب حکومت نے شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ پنجاب میں شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے شادی و دیگر تقریبات کی اجازت کھلی جگہوں پر دی جائے گی ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 3سو افراد کو اجازت ہوگی، عوامی اجتماعات میں 3سو سے زائدافراد کے اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کھلی جگہ پر تقریبات میں ایس او پیز پر عمل درآمد لازم ہوگا، تقریبات کے علاوہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا بھی لازم ہوگا ۔ شادی ہالوں پر پابندی پنجاب انسدادِ وبائی امراض آرڈیننس کے تحت لگائی گئی ہے، اور اس پابندی کا اطلاق 20 نومبر2020 سے ہوگا، اور 31 جنوری2021 تک لاگو رہےگا ۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس وبا کی دوسری لہر میں ایک بار پھر ملک بھر میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، کرونا انفیکشن کے باعث اموات کی تعداد بھی بڑھنے لگی ہے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 738 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 665 تک پہنچ گئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Protected with IP Blacklist CloudIP Blacklist Cloud