اساتذہ کے لئے خوشخبری؛ صوبہ بھر کے اساتذہ کا کنوینس الاونس بحال

لاہور(اے ایف بی) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے پندرہ ستمبر سے سکول کھلتے ہی صوبہ بھر کے اساتذہ کا کنوینس الاونس بحال کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کا کنوینس الاونس بحال کردیا گیا، اساتذہ کی تنخواہوں میں سے گذشتہ چھ ماہ سے کنوینس الاونس کی کٹوتی کی جارہی تھی، کورونا وائرس کے باعث 13 مارچ سے صوبہ بھر کے سکولز کو بند کردیا گیا تھا۔

سکولوں کی بندش کے دوران اساتذہ کا کنوینیس الاونس بھی روک دیا گیا تھا، کنوینیس الاونس کی مد میں ٹیچر کی تنخواہ سے ہر ماہ 3 سے 5 ہزار روپے کٹوتی کی جاری تھی، اساتذہ یونین کا کہنا ہے کہ کنوینس الاونس کی بحالی حکومت پنجاب کا احسن فیصلہ ہے۔

دوسری جانب محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے مختلف کالجوں میں تعینات اساتذہ کو ایم فل اور پی ایچ ڈی الانس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق فنانس ڈیپارٹمنٹ کی منظوری کے بعد ایم فل اور پی ایچ ڈی یافتہ افراد کو الانس دیے جا رہے ہیں تاہم ان اساتذہ کی ڈگریوں کی تصدیق بھی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں