بیرسٹر سلطان سیاسی مسافر ہیں,جس سیاسی پارٹی سے بھی آئیں نامراد رہیں گے, وزراء حکومت

مظفرآباد ( اے ایف بی)وزراء حکومت احمد رضا قادری اور چوہدری شہزاد محمود نے کہا ہے کہ بیرسٹر سلطان سیاسی مسافر ہیں انہیں خودبھی معلوم نہیں ہوتا کہ کب تک کس پارٹی میں کس کے ساتھ رہیں گے،جہلم ویلی کی عوام نے سیاسی بیروزگاروں کو اوقات دکھا دی۔ سلطان محمود جس سیاسی پارٹی سے بھی آئیں نامراد رہیں گے، وزیراعظم کے خواب دیکھنے والے کونسلر بننے کے اہل نہیں، کشمیر کے نام سیاست چمکانے والوں نے وقت آنے پر کشمیریوں کو بہت مایوس کیا۔ آزاد کشمیر کے عوام نے گزشتہ انتخابات میں ایک سیٹ بھی تحریک انصاف کو نہ دیکر بیرسٹر سلطان محمود کی سیاست دفنا دی تھی۔

وزراء حکومت نے کہا کہ جہلم ویلی سمیت آزاد کشمیر بھر کے عوام راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ساتھ ہیں۔راجہ محمد فاروق حیدر خان کی صورت میں ریاست کو ایک دلیر مدبر اور دور اندیش قیادت میسر آئی ہے۔راجہ فاروق حیدر نے اقتدار میں آنے کے بعد کرپشن کے سارے راستے بند کر دیے جس کی وجہ سے بہت سے لوگ شدید تکلیف میں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن کا آزاد کشمیر میں کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا، آزاد کشمیر کا ہر پیر جواں ثابت قدمی سے حق سچ اور انصا ف کرنے والی قیادت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان نامعلوم منزل کے مسافر ہیں۔ ان کی مقبولیت یہی ہے کہ ان کی سربراہی میں تحریک انصاف آزاد کشمیر سے ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکی۔ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن اور راجہ فاروق حیدر پر جو اعتماد کیا اس سے مطمئن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں