تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایہنانسمنٹ سیل قائم کرنے کافیصلہ

لاہور(اے ایف بی ) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں کوالٹی ایہنانسمنٹ سیل قائم کرنے اور ایسوسی ایٹ ڈگری میں سمیسٹر سسٹم لاگو کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اس سلسلے میں گزشتہ روزپنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر فضل احمد خالد کی زیر صدارت بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر خالد آفتاب، ڈاکٹر عارف بٹ، ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، ڈاکٹر نازش عطاء اللہ، ایم پی اے ساجد احمد اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن ارم بخاری نے شرکت کی۔

پی ایچ ای سی نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے بھر کے 720 سرکاری کالجوں میں کوالٹی ایہنانسمنٹ سیل قائم کیے جائیں گے، کوالٹی ایہنانسمنٹ سیل کے ذریعے سے کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری اور بی ایس آنرز کی مانیٹرنگ ہوگی۔ کالجوں کے طلباء کیلئے کیرئیر کونسلنگ اور سکالر شپ پورٹل قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ یہ پورٹل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے بنایا جائے گا۔

اجلاس میں پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے سب کیمپس کو ڈگریاں ایوارڈ کرنے کا اختیار دینے کی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ایچ ای سی نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری یونیورسٹیوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران بھرتی ہونے والے نئے اساتذہ کی ٹریننگ کرائی جائے گی جبکہ سرکاری یونیورسٹیوں میں تعینات ہونے والے نئے وائس چانسلرز کیلئے لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں