فاسٹ باؤلرعمر گل کا ریٹائرمنٹ کااعلان ،آبدیدہ ہوگئے

راولپنڈی (اے ایف بی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عمر گل نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا اور ساتھ ہی آبدیدہ ہوگئے۔ عمر گل نے تینوں فارمیٹ، ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے 36 سالہ فاسٹ باؤلر نےقومی ٹی ٹوئنٹی کپ2020 میں بلوچستان کی نمائندگی کی، آخری میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتےہوئے وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتے تھے لیکن ایک دن سب نے جانا ہے ، یہ ایک مرحلہ ہے جس سے سب کو گزرنا ہوتا ہے۔ عمر گل نے اس بات کا باقاعدہ اعلان ٹویٹر پر بھی کیا جس میں لکھا کہ’بہت سوچ سمجھ کر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔ ہمیشہ پاکستان کے لئے دل سے کھیلا اور اپنی100 فیصد کارکردگی دی۔ کرکٹ ہمیشہ سے میری محبت اور جنون ہے اور رہے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ، کوچز اور اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران ساتھ رہنے والوں کا شکریہ ادا کیا

شاندار کیریئر کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے ان کی تعریف کی اور انہیں مبارکباد بھی دی،واضح رہے کہ عمر گل نے پاکستان کے لئے ٹیسٹ ڈیبیو بنگلادیش کےخلاف اگست2003 میں کیا تھا جبکہ انہوں نے پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ زمبابوے کے خلاف اپریل 2003 میں کھیلا تھا۔ عمر گل نے پاکستان کے لئے پہلا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ کینیا کے خلاف ستمبر2007 میں کھیلا تھا فاسٹ باؤلر نے 47 ٹیسٹ میچوں میں 163 ، 130 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 179 اور 60 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 85 وکٹس حاصل کی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں