وزیراعظم آزادکشمیرکا تین دن کے لیے بازار کھولنے کا اعلان

وزیراعظم آزادکشمیر

مظفرآباد(اے ایف بی) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے جمعرات جمعہ ہفتہ تین دن کے لیے بازار کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ آزادکشمیر بھر کے تاجران کے نمائندگان جنہوں نے افتخار فیروز،چوہدری نعیم، شوکت نواز میر کی قیادت میں وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات میں گزارش کی تھی کہ چونکہ تاجران نے سامان خرید رکھا ہے اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے حکومت ریلیف دے ہم ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ تاجران نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزیر صحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، وزیر ایس ڈی ایم اے احمد رضا قادری، چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا ، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری صحت، تینوں ڈویژنل کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں رمضان المبارک کے آخری ایام بالخصوص نماز عید کی ادائیگی کے دوران درپیش چینلجز اور ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید ر خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر کیسز کے بڑھتا ہوا رجحان انتہائی خطرناک ہے۔ لاک ڈاؤن یا سختی خوشی کی وجہ سے نہیں کر رہے عوام کی بہتری اور حفاظت کیلئے کر رہے ہیں حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت کی ذمہ دارہے اور عیدکے دوران طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ تاجر رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ میں علماء، وکلاء اور تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرے اوپر اعتماد کا اظہار کیا۔حکومت کسی سے بلیک میل ہوتی ہے نہ ہوگی تاہم ہم تاجروں کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی انجمن تاجران افتخارفیروز نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کرونا کے بعد جو فیصلے کیے اور جس طرح قائدانہ کردار ادا کیا ہمیں ان پر فخر ہے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ان کے دست وبازوہیں بلیک میلنگ کی سیاست نہ پہلے کی نہ کریں گے نہ وزیراعظم بلیک میلنگ کو مانتے ہیں۔ہماری گزارشات پر انہوں نے اتنا بڑا فیصلہ کیا انہیں یقین دلاتے ہیں کہ انہیں مایوس نہیں کریں گے اور ان کے ساتھ طے شدہ ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا۔ دریں اثناء سابق وزیر حکومت چوہدری محمد سعید جو کہ گزشتہ کئی دنوں سے تاجر تنظیموں کی جانب سے حکومت آزادکشمیر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مسلسل رابطے میں تھے نے فیصلہ کے بعد جناب وزیر اعظم کو ٹیلی فون کر کے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تاجروں کی جانب سے یقین دلایا کہ طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعظم کا یہ فیصلہ تاجردوست پالیسیوں کی طرح ایک بہت بڑا فیصلہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں