سرکاری حج سکیم، حکومت کا اخراجات میں کمی کا اعلان،حاجیوں کو 4 ارب 75 کروڑ واپس کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد( اے ایف بی)وزارت مذہبی امور نے رواں سال سرکاری حج 2025 کے عازمین کے حج اخراجات کم کرنے کا اعلان کردیا، سرکاری سکیم کے حاجیوں کو 4 ارب 75 کروڑ روپے واپس کرنے کا فیصلہ،اس بات کا اعلان وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ان کا کہنا تھا کہ حاجیوں کو 20 ہزار روپے سے ایک لاکھ 40 ہزار تک کی رقم واپس کرنے کیلئے سات کٹیگریز بنائی گئی ہیں۔40 دنوں کا حج 10 لاکھ 50 ہزار اور 25 دنوں پر محیط حج 11 لاکھ روپے کا ہو گا۔اللہ کے مہمانوں کے سفر کو آسان اور سہولیات سے بھرپور بنانے میں سعودی حکومت بالخصوص وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ، ڈپٹی وزیر حسن مناخرہ اور بھائیوں جیسے سعودی سفیر نواف سعید المالکی کے بھرپور تعاون کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کو سعودی تعلیمات اور گذشتہ تجربات کی روشنی میں حج 2024ءکے فوری بعد شروع کیا گیا، بروقت اقدامات کی وجہ سے فضائی کمپنیوں کے ساتھ گذشتہ سال کے مقابلہ میں کم اخراجات پر معاہدے ہوئے۔حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے میری ٹیم کے تمام افسران پاکستان اور سعودی عرب میں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہے۔ بروقت اقدامات کی بدولت فضائی کمپنیوں کے ساتھ گذشتہ سال کے مقابلہ میں کم اخراجات پر معاہدے ہوئے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب میں منیٰ، مکاتب، مکہ اور مدینہ منورہ کی رہائش گاہیں، خوراک و ٹرانسپورٹ کے اخراجات کو مناسب حد تک رکھنےاور سہولیات کو مزید بہتر کرنے میں کامیاب رہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین کا مزید کہنا تھا کہ فضائی کمپنیوں سے بات چیت کرکے اور دیگر حج اخراجات میں کمی کرکے ہم نے حاجیوں کو رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ حاجیوں کی رقم ہے اور مکمل حساب کرکے ہم نے رقوم کی واپسی کا فارمولا بنایا ہے کسی حاجی کو ایک لاکھ روپے واپس ملتے ہیں یا کسی کو 20 ہزار ملتے ہیں اس کا تعین حاجیوں کو حجاز مقدس میں ملنے والی سہولیات کے مطابق کیا گیا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عطاءالرحمن نے کہا کہ ایک لاکھ 40 ہزار واپس ملنے والی سب سے بڑی رقم ہے۔ یہ رقم 20 ہزار 228 افراد کو ملے گی، ایک لاکھ 10 ہزار کی رقم 10 فیصد حجاج یعنی 6 ہزار 784 افراد کو واپس ملے گی۔ 90 ہزار کی رقم 26 فیصد اور 75 ہزار کی رقم 23 فیصد افراد کو ملے گی اسی طرح 50 ہزار روپے 19 فیصد کو واپس ملیں گے۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ رقوم کے ریفنڈ کا ہم نے پورا فارمولا بنایا ہے تاکہ بعد میں کسی کو گلہ نہ ہو، ڈاکٹر عطاءالرحمن کا کہنا تھا کہ جمعہ تک یہ رقوم منتقل کر دی جائیں۔وفاقی وزیر مذہبی امور کا مزید کہنا تھا جس حاجی کی عمارت حرم کے قریب ہو گی اس کو کم رقم ملے گی اور جس کی دور ہو گی اس کو زیادہ ملے گی، مختلف مدات مختلف رقوم حاجیوں کو واپس کی جا رہی ہیں۔ اسلام آباد اور کراچی سے حاجی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت روانہ ہوں گے۔ آئندہ سال لاہور سے بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے آغاز کی بھرپور کوشش کریں گے۔