اسلحہ برآمدگی کیس؛علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، گرفتار کرنے کا حکم


اسلام آباد ( اے ایف بی) عدالت نے اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کی طبعی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، عدالت نے ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو کل علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں کیس کی سماعت سول جج شائستہ خان کنڈی نے کی جہاں عدالت میں وکیل راجہ ظہور الحسن نے علی امین گنڈا پور کا میڈکل سرٹیفکیٹ جمع کرواتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا پاؤں سلپ ہوگیا جس کی وجہ سے ان کی ٹانگ میں درد ہے، ڈاکٹروں نے انہیں ایک ہفتے ریسٹ کا کہا ہے، اس لیے آج کی پیشی سے معافی کی درخواست قبول کی جائے۔معلوم ہوا ہے کہ عدالت نے سماعت کے بعد حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں اسلام آباد کی سیشن عدالت کی جج شائستہ کنڈی نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی اسلحہ و شراب برآمدگی کے کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں